0
Wednesday 13 Feb 2013 15:56

پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی قومی مجرم ثابت ہوئے ہیں، لیاقت بلوچ

پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی قومی مجرم ثابت ہوئے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ اُمیدوار قومی حلقہ 149 وسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان اورقومی ہیرو ہیں، ان کا منصورہ آمد پر شایان شان استقبال کیا اور صدر مملکت جیسا پروٹوکول دیا جائے گا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو دنیا میں پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنا کر نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ امت مسلمہ کے وقار کو بلند کیااور ہمیں دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کے قابل بنایا۔ امریکہ بھارت اور اسرائیل مسلم دنیا، خصوصاً پاکستان کو نگل لینا چاہتے ہیں۔ بھارت نے تو آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور اس کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ پائے۔ پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو بھارت اب تک پاکستان پر کئی بار جنگ مسلط کر چکاہوتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے شجاع آباد میں صدر الخدمت فائونڈیشن پنجاب رائو محمد ظفر کے والد اورملتان میں جماعت اسلامی کے رہنما عبدالمحسن شاہین کی والدہ کی وفات پر ان کے گھر جاکر تعزیت کی اور بعد ازاں ملتان میڈیا سنٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہاکہ پوری قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی احسان مند ہے۔ انہوں نے ہر پاکستانی کو دنیا میں سر اٹھا کر چلنے کے قابل بنایا اس لیے قوم کا ہر فرد ان کو دل و جان سے عزیز رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنے کلمہ طیبہ والے پرچم اور ترازو کے انتخابی نشان پر حصہ لے گی تاہم سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی قومی مجرم ثابت ہوئے ہیں۔ روٹی، کپڑا اورمکان کا نعرہ پٹ چکاہے۔ عوام آئندہ انتخابات میں نظریہ پاکستان واسلام کی داعی اور ملک کو اسلامی فلاحی ترقی کی حامل جماعت اسلامی کو کامیابی دلوائیں۔ ملک میں دہشتگردی کے پے در پے واقعات کے پیچھے شیطانی تثلیت امریکہ بھارت اور اسرائیل کا خفیہ ہاتھ ہے۔
 
لیاقت بلوچ نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹاہے۔ کرپشن کا فروغ اس حکومت کے ماتھے پر کلنک کے ٹیکے کی مانند پوری قوم کو دکھائی دے رہاہے۔ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی وجہ سے ملک سے خیر و برکت ہی اٹھ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اس کی فوج کشمیریوں پر بے پناہ مظالم کر رہی ہے جبکہ بھارت پاکستان کے نخلستان کو ریگستان بنانا چاہتاہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے اور وہ ہمارے فوجی جوانوں کو شہید کررہی ہے دوسری جانب قومی غیرت و حمیت سے عاری ہمارے حکمران اسے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ ینے کے لیے ہلکان ہورہے ہیں۔ پاکستان کے عوام بھارت کو ایم ایف این کادرجہ دینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، حکومت بھی اس سے باز رہے۔
خبر کا کوڈ : 239321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش