0
Thursday 14 Feb 2013 02:34

حکومتی مصلحت پسندی نے کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین شہر بنا دیا ہے، علامہ صادق رضا تقوی

حکومتی مصلحت پسندی نے کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین شہر بنا دیا ہے، علامہ صادق رضا تقوی
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں روزانہ معصوم شہری دہشت گردی کے ذریعے لقمہ اجل بنتے ہیں اور حکمران صرف اپنے محلات میں آرام فرما رہے ہیں، حکومتی اتحادی ایک دوسرے پر ہی تنقید کرتے ہیں مگر شہر میں امن و امان قائم ہونا خواب بن کر رہ گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے وحدت ہاؤس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہر قائد میں اب مزید المیوں کا انتظار کرنے کے بجائے شہر میں امن قائم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے، ورنہ معاشی حب کراچی مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، دہشت گرد آزادانہ طور پر اپنی کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی واردات رونما ہونے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ کر کسی طور اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے ہیں، دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کی پناہ گاہوں اور ان کے سرپرست عوامل کو عوامی سطح پر آشکار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں طالبان دہشت گردوں سمیت اُن کی بغل بچہ کالعدم جماعتیں بھی بہت آزادی سے شہریوں کو دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا رہی ہیں اور فرقہ واریت پھیلانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہیں، تاکہ شہر کراچی کے حالات مزید خراب کیے جائیں، ان جماعتوں کی آڑ میں بہت سی سیاسی دشمنیاں بھی نپٹائی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے شہر میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہوچکی ہے اور ایک منظم سازش کے تحت شہر قائد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بشمول اکابرین، ڈاکٹرز، وکلا، تاجر حضرات سمیت ہیلتھ ورکرز کو بھی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعہ دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تاکہ شہر کو جہالت اور پسماندگی کی طرف دھکیلا جائے اور شہر میں موجود ان شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو عدم تحفظ کا شکار کیا جائے، تاکہ وہ اس شہر سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوجائیں۔

ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نمائشی اقدامات اور اعلانات کے بجائے سخت ترین اقدامات کیے جائیں، اب مزید المیوں کا انتظار کرنے کے بجائے شہر کے امن کے لیے عملی قدامات کیے جائیں، کراچی کی بدامنی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے اور اب شہر میں امن کیلئے سب سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا، حکومتی اتحادیوں کو بھی دہشت گردی کی گیند کو ایک دوسرے کے کورٹ میں ڈالنے کے بجائے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ہر معاملے میں مصلحت پسندی نے کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین شہر بنا دیا ہے، ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں اور قیام امن کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
خبر کا کوڈ : 239447
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش