0
Sunday 17 Feb 2013 12:43

کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال، بلوچستان میں سرکاری سوگ اور قومی پرچم سرنگوں، شہداء کی تعداد 84 ہوگئی

کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال، بلوچستان میں سرکاری سوگ اور قومی پرچم سرنگوں، شہداء کی تعداد 84 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے علاقے کرانی روڈ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 84 ہوگئی ہے۔ آج 8 سالہ زخمی بچہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی میتیں ہزارہ ٹائون منتقل کر دیں گئیں۔ صوبے میں آج سرکاری سوگ اور قومی پرچم سرنگوں ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے 19 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ شہر میں شٹر ڈائون ہڑتال۔ پولیس کے مطابق گذشتہ روز کرانی روڈ کے علاقے علی آباد میں واٹر ٹیکنر کے ذریعے کئے جانے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 83 افراد کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد بی ایم سی ہسپتال اور سی ایم ایچ سے ہزارہ ٹائون کے مختلف امام بار گاہوں میں منتقل کر دیں گئیں ہیں۔ ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کی کال پر کوئٹہ میں شٹر ڈائون ہڑتال کی جا رہی ہے اور تین سے 7 یوم کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ پشتونخواء ملی عوامی پارٹی، تاجران ایکشن کیمٹی نے شٹر ڈائون ہڑتال کی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کوئٹہ کے نواحی علاقہ کرانی روڈ، جہاں شام کے وقت لوگ روز مرہ کی خریداری میں مصروف تھے کہ زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور شہر کے وسطی علاقے میں بھی سنی گئی۔ دھماکے سے متعدد دکانوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا اور ایک دو منزلہ عمارت زمین بوس بھی ہوگئی۔ ملبے تلے بھی متعدد افراد دب گئے، جنہیں ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن کیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو سی ایم ایچ، بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول اسپتال منتقل کیا۔ بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زخمیوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور میڈیا کے نمائندوں سمیت کسی کو بھی جائے وقوعہ پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز وزیر خان ناصر کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیا گیا۔ سی سی پی او کوئٹہ کے مطابق دھماکہ خیز مواد ٹریکٹر ٹرالی میں موجود ٹینکر میں چھپایا  گیا تھا۔ جس جگہ دھماکہ ہوا وہاں ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں رہائش پذیر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 240302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش