0
Thursday 28 Feb 2013 01:29

ایران اور 1+5 کے درمیان ہونیوالے مذاکرات مثبت اور ایرانی نقطہ نظر کے قریب تھے، سعید جلیلی

ایران اور 1+5 کے درمیان ہونیوالے مذاکرات مثبت اور ایرانی نقطہ نظر کے قریب تھے، سعید جلیلی
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قزاقستان کے شہر آلماتی میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے۔ قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں اسلامی جمہوری ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگيا ہے، ایرانی مذاکراتی ٹیم نے ان مذاکرات کو مثبت اور ایرانی نقطہ نظر کے قریب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور اپریل میں منعقد ہوگا۔ فارس نیوز کے مطابق قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں اسلامی جمہوری ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اختتام پذیر ہوگيا ہے، مذاکرت کے بعد میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں قومی سلامتی کی اعلٰی کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر سعید جلیلی کا کہنا تھا کہ مذاکرات مثبت اور ایرانی نقطہ نظر کے قریب تھے، انہوں نے کہا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور اپریل میں منعقد ہوگا۔
 
ڈاکٹر سعید جلیلی نے کہا کہ آلماتی میں گروپ پانچ جمع ایک نے جو تجاویز پیش کی ہیں وہ منطقی ہیں اور ایران کے نقطہ نظر کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری رہے تو ہم جلد ہی کسی مثبت نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فردو ایٹمی پلانٹ کو بند کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ضرورت کے مطابق یورینیئم کو افزودہ کرتے رہیں گے، چاہے ہو وہ 5 فیصد ہو یا 20 فیصد، اسکا انحصار ہماری قومی ضرورت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2012ء میں ایران نے ٹیکنالوجی کے تمام میدانوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ 

سعید جلیلی نے اپنے بیان میں ان مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس بات کی تاکید کی کہ مقابل فریق کی جانب سے تعمیری اقدامات عمل میں لاتے ہوئے اس  مذاکراتی عمل کو مکمل کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے 6 ماہ قبل گروپ پانچ جمع ایک کو ماسکو میں جو تجاویز پیش کی تھیں، آلماتی میں اس گروپ نے ایران کی ان تجاویز کے جواب میں کچھ تجاویز پیش کی ہیں، جن میں ایران کی پہلے سے پیش کردہ کچھ تجاویز بھی شامل ہیں اور کسی حد تک ان تجاویز کے ذریعے ایران کے نظریات سے قریب ہونے کی کوشش کی گئی ہے۔ سعید جلیلی نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ مسئلے کے حل کیلئے ایسی دو طرفہ تجاویز پر عمل کی ضرورت ہے کہ جن سے ایران کے حقوق نظر انداز نہ ہوسکیں۔ 

فریقین کے درمیان مذاکرات کا اب اگلا دور قزاقستان کے دارالحکومت آلماتی میں ہی 5 اور 6 اپریل کو منعقد ہوگا۔ مذاکرات کے بعد قزاقستان کے وزیر خارجہ اور ایران کی قومی سلامتی کی اعلٰی کونسل کے سیکرٹری سعید جلیلی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قزاقستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا اگلا دور 5 اور 6 اپریل کو آلماتی میں ہونا ہی مثبت علامت ہے۔ اس ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، گفتگو میں بالخصوص سکیورٹی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 242969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش