0
Saturday 2 Mar 2013 14:49

گورنر آفس ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات میں تعاون کرے گا، انجینئر شوکت اللہ

گورنر آفس ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات میں تعاون کرے گا، انجینئر شوکت اللہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخواہ کے گورنر انجینئر شوکت اللہ نے جمعہ کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات کے لیے ان کا دفتر قبائلی جرگے کے لیے رابطہ دہی کی خدمات پیش کرے گا۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں جرگے کے ارکان کے ساتھ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ انہوں نے تمام قبائلی علاقوں کے سیاسی ایجنٹوں کو ٹی ٹی پی کے ساتھ امن قائم کرنے کے لئے جرگے کے کوشش میں انکا ساتھ دینے اور ان کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

جمعرات کو جے یو آئی (ف) کی طرف سے منظم ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں 87 رکنی قبائلی جرگے کو عسکریت پسندوں کے ساتھ امن مذاکرات کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ اس کانفرنس میں تمام سیاسی اور مذہبی پارٹیوں نے شرکت کی لیکن عمران خان کی تحریک انصاف نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا۔ ان پارٹیوں نے کانفرنس میں منظور ہونے والی پانچ نکاتی ڈیکلریشن پر بھی اتفاق کیا۔ 

گورنر خیبر پختونخوا نے امید ظاہر کی کہ جرگے کی کوششیں قبائلی علاقوں میں امن قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت کے لئے طریقہ کار اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک سرکاری عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ تحریک طالبان کی لیڈر شپ کے ساتھ ایک چینل پر تعلقات کی شروعات ہوچکی ہیں چنانچہ امید ہے کہ باظابطہ بات چیت کی شروعات تک اہم پیش رفت ہوچکی ہوگی۔ گورنر نے کہا کہ وہ صدر آصف علی زرادی کو معاملے کی پیش رفت سے آگاہ کرتے رہیں گے، اگر ضرورت پڑی تو ان سے درخواست کریں گے کہ وہ بھی جرگے کے ارکان سے ملاقات کریں۔

شمالی وزیرستان سے جرگے کے ایک رکن نے کہا کہ میران شاہ میں واقع طالبان کمانڈر حافظ گل بہادر کے ساتھ بات چیت میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ وہ پہلے ہی حکومت کے ساتھ ایک امن معاہدہ کرچکے ہیں، لیکن ٹی ٹی پی کے دیگر رہنما جرگے کے لئے مشکلات پیش کر سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے، اے پی سی کا خیر مقدم کرنے پر، ٹی ٹی پی کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس معاملے میں دوراندیشی دکھائی ہے۔ جے یو آئی ف کے چیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے متاثرین کے خاندانوں کی بہبود کے لیے ایک ٹرسٹ بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس کے لیے دس ملین روپے دیے ہیں۔

واضح رہے، گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام (ف) کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اعلامیے کو جمعے کے روز تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے خوش آئند قرار دیا۔ ٹی ٹی پی ترجمان احسان اللہ احسان نے نامعلوم مقام سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مشترکہ اعلامیے سے دہشتگردی کا لفظ نکالنا خوش آئند قدم ہے۔
خبر کا کوڈ : 243593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش