0
Tuesday 5 Mar 2013 00:07

سانحہ عباس ٹائون کیخلاف شیعہ علماء کونسل و جعفریہ سٹوڈنٹس کا ملک گیر احتجاج

سانحہ عباس ٹائون کیخلاف شیعہ علماء کونسل و  جعفریہ سٹوڈنٹس کا ملک گیر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ سربراہ شیعہ علماء کونسل علامہ سید ساجد نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل سمیت دیگر شیعہ تنظیمو ں کا سانحہ عباس ٹائون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری، کوئٹہ، کراچی، پشاور، لاہور، نوابشاہ، حیدر آباد، سکھر، بدین، راولپنڈی، گلگت، سکردو، مظفر آباد، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، فیصل آباد، لیہ، بھکر، ڈیرہ اسماعیل خان، اٹک، چکوال، ساہیوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، دادو، کوٹ مٹھن، چنیوٹ، جھنگ، تلہ گنگ، خوشاب، سرگودھا، سمیت ملک بھر میں دھرنے شروع، لبیک یاحسینؑ، لبیک یاحسین ؑ کے فلک شگاف نعرے، ہمارے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، دہشت گردوں کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، ایک سازش کے تحت ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام کو حقائق سے کیوں آگاہ نہیں کیا جارہا، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے میں کون سی رکاوٹ ہے، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنمائوں کا احتجاجی مظاہروں سے خطاب۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ عباس ٹائون (کراچی) کے خلاف علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں شیعہ علماء کونسل نے پرامن احتجاجی دھرنے دیئے۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہر سانحہ کے خلاف صرف اعلانات کئے جاتے ہیں، عملاً دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی سانحہ علمدار روڈ کے شہداء کے مزاروں کی مٹی بھی خشک نہ ہوئی تھی کہ سانحہ کوئٹہ (کرانی) رونما ہوگیا ابھی ان شہداء کا کفن میلا نہ ہوا تھا کہ دلدوز واقعہ عباس ٹائون واقعہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کیوں حقائق سے آگاہ نہیں کیا جارہا آئے روز معصوم و بے گناہ عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کو شہید کیا جارہاہے، ذمہ داران بتائیں کہ کیوں دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے اگر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جاتا تو کراچی میں قیامت صغریٰ بپا نہ ہوتی۔

ادھر شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، چاروں صوبوں کے تنظیمی صدور ناظر عباس تقوی(سندھ)، مظہر علوی(پنجاب)، علامہ رمضان توقیر (خیبرپختونخواہ) اور بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر مولانا اکبر حسین زاہدی و دیگر نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سانحہ کوئٹہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملت تشیع کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ بلند و بانگ دعوے کئے گئے مگر عملاً کوئی اقدام نہ اٹھایاگیا انہوں نے کہاکہ آئے روز بے گناہ و معصوم پاکستانیوں کو تہہ تیغ کیا جارہاہے مگر حکمرانوں کی طرف سے صرف مذمتی بیانات آرہے ہیں۔

اٹک میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی زیر قیادت شیعہ علماء کونسل نے احتجاجی دھرنا اور مظاہرے کئے۔ اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے ضلع اٹک، تحصیل پنڈی گھیب، جنڈ اور فتح جنگ میں ٹیلیفونک خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوںنے کہاکہ عزاداری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے اور جس نے بھی عزاداری میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی اس کو اپنے پائوں تلے روند ڈالیں گے۔

لاہور میں شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ مظہر عباس علوی نے احتجاج کے دوران کہاکہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے احتجاج جاری رکھیں اس موقع پر مظاہرین قائد کے فرمان پر جان بھی قربان ہے کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ فوری طور پر دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ کراچی میں صوبائی صدر علامہ ناظر تقوی کی زیر قیادت نمائش چورنگی پراحتجاجی ریلی اور دھرنا ملیر 15 پر دیاگیا جبکہ مین شاہراہ فیصل کو ٹائر جلا کر بلاک کردیاگیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے ایک سازش کے تحت ملت تشیع پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہاہے مگر شہادت ہماری میراث ہے اور ہم دہشتگردوں کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے۔ پشاور میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ کی زیر قیادت احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دیاگیا۔

مظفر آباد میں مفتی کفایت حسین نقوی، گلگت بلتستان، سکردو، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب ،جوہر آباد، تلہ گنگ، چکوال، چوآسیدن شاہ، بھلوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، کھاریاں، گجرات، گوجرخان، ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ غازی خان، دریا خان، بھکر، لیہ، میانوالی، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، رحیم یارخان، خانپور، بہائولپور، خانیوال، ساہیوال، بورے والا، کبیر والا،وہاڑی، سکھر، نوابشاہ، بدین، گھوٹکی، ٹنڈوآدم، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈومحمد خان، حیدر آباد، میرپور ماتھیلو، جعفر آباد، زیارت ،سمیت ملک بھر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ سٹوڈٹنس آرگنائزیشن، جعفریہ یوتھ کا احتجاجی مظاہرے اور دھرنوں کا آخری اطلاعات تک احتجاج جاری ہے اور احتجاجی مظاہرین مطالبہ کررہے ہیں کہ دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 244195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش