0
Friday 8 Mar 2013 21:55

سانحہ عباس ٹاؤن کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کی اسلام آباد میں احتجاجی ریلی

سانحہ عباس ٹاؤن کیخلاف مجلس وحدت مسلمین کی اسلام آباد میں احتجاجی ریلی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی علامہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر سانحہ عباس ٹاؤن کیخلاف امام بارگاہ جی سکس ٹو سے چائنہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں مرد، خواتیں اور بزرگوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ اس وقت وطن عزیز میں دہشت گردوں کا راج ہے، بڑی بے دردی کے ساتھ اسلام دشمن عناصر پاکستان میں بےگناہ مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں لیکن انہیں روکنے والا کوئی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف کوئٹہ، کراچی ہی نہیں بلکہ ہر علاقہ میں شیعہ سنی مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور پھر ستم ظرفی یہ ہے کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ان دہشت گرد قوتوں کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کیخلاف مصلحت سے کام لے رہی ہے، جس کی وجہ سے دہشتگردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بےحسی ہے کہ اب تک جتنے اعلانات ہوئے ہیں ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر آج پورے پاکستان میں شہداء اور ملک کے ساتھ یوم وفا کے طور پر منایا جا رہا ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملک کی سالمیت اور وطن عزیز کے تحفظ کیلئے تمام شیعہ سنی مل کر ان دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف فی الفور ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے۔ اب تک کئے جانے والے اقدامات ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 48گھنٹوں کے اندر سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کے گھروں کی تعمیر شروع نہ کی گئی تو پورے ملک میں دھرنوں کا سلسلہ شروع کر دیا جائیگا۔ سانحہ کوئٹہ اور سانحہ عباس ٹاؤن میں ملوث قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک آج کے دن کی نہیں ہے بلکہ طویل تحریک کا آغاز ہے، ہم تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف تمام محب وطن قوتیں ملکر اس تحریک میں ہمارا ساتھ دیں۔ ریلی سے ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل علامہ فخر علوی، مرکزی رابطہ سیکرٹری ملک اقرار حسین، آئی ایس او راولپنڈی ڈویژن کے نمائندگان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 245280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش