0
Wednesday 13 Mar 2013 17:48

پاک ایران گیس لائن منصوبہ ترقی کی طرف اہم قدم ہے، سربراہ پاکستان سنی تحریک

پاک ایران گیس لائن منصوبہ ترقی کی طرف اہم قدم ہے، سربراہ پاکستان سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس لائن منصوبہ دونوں ملکوں کی ترقی کی طرف اہم قدم ہے۔ توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے کسی بھی قسم کے بیرونی دباﺅ کو مسترد کرکے ہی آگے کی طرف بڑھا جا سکتا ہے۔ پاکستان اس وقت امن و امان اور معیشت کے حوالے سے جن پیچیدہ مسائل اور سنگین مشکلات کا شکار ہے اس کا حل شفاف اور غیر جانبدار انتخابات میں ہے۔ شفاف، منصفانہ انتخابات ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے وڈیرانہ، جاگیردارنہ اور اقتدار میں آ کر عوام کے مسائل حل نہ کرنے والوں کو پیچھے کی طرف دھکیل کر غریب و محب وطن افرادکو آگے آنے کا موقع فراہم ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ملیر اور شاہ فیصل کالونی سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کے کشیدہ حالات غمازی کر رہے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف مضبوط و ٹھوس فیصلے کرکے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانا ہو گا۔ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو دہشتگردی کے خلاف ساتھ لیکر چلنا ہو گا۔ ثروت اعجاز قادری نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ سانحہ عباس ٹاﺅن اور سانحہ چشتیہ مسجد پشاور کی سپریم کورٹ کے بینچ کی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائے اور ملزمان کا تعین کرکے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ دہشتگردوں کو سزائیں نہ ملنا ہے۔ حکومت دہشتگردوں کو آئین و قانون کے دائرے میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے کیونکہ آئین و قانون کی بالادستی میں ہی پائیدار امن کا راز پوشیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 246397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش