0
Thursday 14 Mar 2013 23:20

کمشنر کراچی صدر مملکت کے منہ بولے بھائی اویس مظفر کو بدنام نہ کریں، مولانا صادق تقوی

کمشنر کراچی صدر مملکت کے منہ بولے بھائی اویس مظفر کو بدنام نہ کریں، مولانا صادق تقوی
اسلام ٹائمز۔ کمشنر کراچی صدر مملکت کے منہ بولے بھائی اویس مظفر عرف ٹپی کے نام کا استعمال کر کے انہیں بدنام نہ کریں۔ مجلس وحدت مسلمین شہدائے عباس ٹاﺅن اور زخمیوں کو جلد معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ کمشنر کراچی اپنے ایجنڈے کو واضح کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا سید صادق رضا تقوی نے تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف شہدائے عباس ٹاﺅن کے لواحقین کو ان کا حق دلوانا ہے جبکہ اس راستے میں کمشنر کراچی مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ مولانا سید صادق رضا تقوی نے کمشنر کراچی ہاشم رضا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا کوئی اور ایجنڈا ہے تو وہ واضح کریں اور اگر وہ چاہتے ہیں وزیراعلیٰ، گورنر سندھ یا کسی لسانی سیاسی گروہ سمیت کسی بھی مذہبی شخصیت، عالم دین یا اسکالر سے امدادی چیک کو تقسیم کروانا چاہتے ہیں تو مجلس وحدت مسلمین کو اس بات پر کوئی اعتراض نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کا مقصد صرف اور صرف سانحہ عباس ٹاﺅن میں شہید ہونے والے سنی شیعہ افراد کے ورثاء اور زخمیوں سمیت دیگر متاثرین کو فی الفور ریلیف کی عملی یقین دہانی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی جانب سے قائم کی جانے والی کمیٹی نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ مل کر تمام قانونی دستاویزات مکمل کر لی ہیں تاہم کمشنر کراچی ہاشم رضا کی جانب سے انتہائی سرد مہری کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر کراچی کو چاہئیے کہ وہ ہمیں اعتماد میں لیں اور شہداء اور زخمیوں تک فی الفور ریلیف کی رسائی کو ممکن بنائیں۔ مولانا سید صادق رضا تقوی نے کہا کہ کمشنر کراچی صدر پاکستان آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر عرف ٹپی کے نام کو استعمال کر رہے ہیں اور ان کا نام بھی بدنام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین اور زخمی شدید پریشانی کا شکار ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری کمشنر کراچی ہاشم رضا پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کو فوری ریلیف نہ دیا گیا تو سخت نتائج برآمد ہوں گے اور حالات کی تمام ذمہ داری کمشنر کراچی پر ہو گی۔ واضح رہے کہ سانحہ عباس ٹاﺅن کے بعد قائم ہونے والی ریلیف کمیٹی نے شہدائے عباس ٹاﺅن کے لواحقین کے ساتھ مل کر ہئیر شپ اور دیگر قانونی کاغذات کی تیاری مکمل کرلی ہے جبکہ کمشنر کراچی کی جانب سے کسی قسم کا مثبت جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 246696
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش