0
Sunday 31 Mar 2013 12:02

حامد کرزئی 2 روزہ سرکاری دورے پر دوحا پہنچ گئے، طالبان کا سیاسی دفتر کھولنے پر بات چیت کرینگے

قطر میں طالبان کے دفتر کے کھولنے کا کرزئی سے کوئی تعلق نہیں، طالبان ترجمان
حامد کرزئی 2 روزہ سرکاری دورے پر دوحا پہنچ گئے، طالبان کا سیاسی دفتر کھولنے پر بات چیت کرینگے
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی قطری حکام سے بات چیت کے لئے دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ کرزئی کے ہمراہ متعدد وزراء بھی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران قطر میں طالبان کا سیاسی دفتر کھولنے پر بھی بات چیت ہوگی۔ قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کھولنے کو افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بات چیت کی سمت طے کرنے کے سلسلے میں اہم قدم مانا جاتا ہے۔ صدر حامد کرزئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قطر میں بات چیت کا موضوع دوطرفہ تعاون اور افغانستان میں قیامِ امن کا عمل ہوگا۔ قطر میں طالبان کا دفتر کھلنے کی خبریں بھی کافی عرصے سے گردش میں ہیں۔
 طالبان کے ایک درجن کے قریب سیاسی ممبران گذشتہ ایک سال سے قطر میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، لیکن افغان طالبان نے ابھی تک اپنے دفتر کے باقاعدہ آغاز کی تصدیق نہیں کی ہے۔ امریکہ نے افغانستان اور پاکستان کو اعتماد میں لیے بغیر طالبان سے مذاکرات کا پہلا دور مارچ 2012ء میں دوحہ میں ہی منعقد کیا تھا جو ناکام رہا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ قطر میں طالبان کے دفتر کے کھولنے کا صدر کرزئی سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ طالبان اور قطری حکومت کے درمیان معاملہ ہے اگر کرزئی قطر کا دورہ کر رہے ہیں تو اس کا ہمارے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ قطر میں ہمارے پہلے سے مقیم نمائندے ان سے ملیں گے نہ بات چیت کریں گے۔ 

 دیگر ذرائع کے مطابق افغان صدر آج قطر میں طالبان رہنماوں سے مذاکرات کریں گے۔ افغان صدر کے ترجمان کے مطابق ممکنہ طور پر آج سے قطر میں طالبان کا دفتر کھل جائے گا اور اس موقع پر صدر کرزئی طالبان رہنماوں سے افغانستان میں امن سے متعلق بات چیت کریں گے۔ ادھر طالبان کے مطابق آج قطر میں دفتر ضرور کھل رہا ہے، لیکن یہ قطر کی حکومت اور طالبان کا آپس کا معاملہ ہے، حامد کرزئی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ طالبان نے واضح کیا کہ افغان صدر سے کوئی براہِ راست رابطہ نہیں۔ قطر میں موجود طالبان رہنما، صدر کرزئی سے بات نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 250222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش