0
Wednesday 3 Apr 2013 22:30

کالعدم تحریک طالبان کا کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر پر حملہ، 4 اہلکار شہید 7 زخمی

کالعدم تحریک طالبان کا کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر پر حملہ، 4 اہلکار شہید 7 زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں بھٹائی رینجرز کے ہیڈ کوارٹر کے قریب دھماکے میں اب تک 4 رینجرز اہلکار شہید اور 7 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کورنگی نمبر پانچ میں 43 ویں بھٹائی ونگ ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے والے رینجرز کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جناح اسپتال میں زخمی اہلکاروں میں سے 4 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دھماکے میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے باہر کھڑی موبائل بھی تباہ ہوگئی۔ ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں 4 رینجرز اہلکار زیر علاج ہیں، جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع کے مطابق کورنگی میں دھماکہ انتہائی شدید تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ بھٹائی رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب کھڑی کئی گاڑیوں اور دیوار کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں بال بیرنگ اور کیلیں استعمال کی گئیں، دوسرے دھماکے کے خدشے کے پیش نظر رینجرز نے میڈیا کو متاثرہ جگہ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان نے رینجرز اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ترجمان کالعدم تحریک طالبان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ادارے ہمیں نشانہ بناتے ہیں، ہم انہیں نشانہ بنائیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی 5 میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے سامنے دھماکے سے 4 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔ دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کے لئے منتقل کر دیا ہے جبکہ کراچی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کے خطرہ کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے اور پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کراچی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ دھماکے میں زخمی افراد کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 251259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش