0
Tuesday 16 Apr 2013 21:08

پشاور، اے این پی کے جلسہ کے قریب خودکش حملہ، 17 افراد جاں بحق، غلام بلور سمیت 50زخمی

پشاور، اے این پی کے جلسہ کے قریب خودکش حملہ، 17 افراد جاں بحق، غلام بلور سمیت 50زخمی
اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوام نیشنل پارٹی کے جلسے میں بم دھماکے سے بچے سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ خیبر پختوخوا میں شدت پسندوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے کو دہشتگردی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بم دھماکے میں ایک بچے سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ اے این پی کے رہنماء غلام احمد بلور اور پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکے سے جاں بحق افراد میں ایس ایچ او کوتوالی اور اے ایس آئی بھی شامل ہیں۔ دھماکے سے غلام احمد بلور زخمی ہوگئے اور ان کی گاڑی میں آگ لگ گئی، تاہم وہ محفوظ رہے۔ انھیں ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمی افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے، جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
 
صدر زرداری، نگران حکومت اور سیاسی رہنمائوں نے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے این پی کے جلسے میں ہونے والا دھماکہ خودکش تھا، جس میں 5 سے 6 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ واضع رہے کہ دو روز قبل سوات میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماء مکرم شاہ جاں بحق جبکہ چار سدہ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار معصوم شاہ زخمی ہوگئے تھے۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ان واقعات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اے این پی کے رہنمائوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایسی صورت حال میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کیسے ہوگا؟ انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ نگران حکومت اے این پی کے رہنمائوں اور امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کو انتخابی مہم کے دوران دہشتگردی کا براہ راست سامنا ہے۔ آج رات پشاور کے علاقہ یکہ توت میں انتخابی جلسہ کے موقع پر خودکش حملہ کے باعث ایس ایچ او تھانہ کوتوالی سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور سمیت 50 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے بعد یکہ توت کے علاقہ منڈہ بیری میں اے این پی کا انتخابی جلسہ منعقد ہوا۔ جیسے ہی جلسہ ختم ہوا تو سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور اور شہید بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور واپس جانے کیلئے گاڑی میں بیٹھے تو ایک خودکش حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ جس کے نتیجے میں غلام احمد بلور سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ 17 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دھماکہ کے باعث قریب موجود گاڑیوں کو بھی آگ لگ گئی، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکہ کے بعد اسپتال اور جائے وقوعہ پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
خبر کا کوڈ : 254829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش