0
Thursday 18 Apr 2013 18:57

11 مئی کو تمام پولنگ سٹیشنز پرامن احتجاجی دھرنے ہوں گے، رحیق عباسی

11 مئی کو تمام پولنگ سٹیشنز پرامن احتجاجی دھرنے ہوں گے، رحیق عباسی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ 11 مئی کو ہونیوالے انتخابی ڈرامے کے بعد پارلیمنٹ ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں یرغمال بن جائے گی، معلق پارلیمنٹ میں عوام کے حقوق معلق ہی رہیں گے اور ایک بار پھر چوروں، لٹیروں کا کاروبار خوب چمک اٹھے گا، پاکستان کے مقتدر طبقہ نے کبھی آئین و قانون کی روح کے مطابق چلنا سیکھا ہی نہیں اس لئے انہیں غیرآئینی الیکشن کمیشن سمیت ہر وہ چیز قبول ہو گی جو انکے مفادات کو تحفظ دیتی ہے، اس موجودہ عوام دشمن انتخابی نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنے الیکشن پر 11 مئی کو ہر صورت ہونگے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ نظام انتخاب کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ساری دنیا اس کا بہترین مظاہرہ 11 مئی کو ہونیوالے پر امن دھرنوں کی صورت میں دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وطن عزیز کی بقا، ترقی اور عوامی خوشحالی کے دشمن نظام کو کلیتاً مسترد کر چکی ہے، پاکستان عوامی تحریک کی جنگ ووٹنگ کے خلاف نہیں بلکہ کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس وقت ملک میں تاریخ کی بدترین لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور دہشت گردی جاری ہے، مہنگائی سے تنگ، دہشت گردی سے عدم تحفظ کا شکار اور توانائی کے بحرانوں میں گھری قوم کے دکھوں کا مداوا موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے غیرآئینی الیکشنوں سے نہ ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان بحرانوں سے نجات کیلئے نظام انتخاب کی تبدیلی کے ساتھ کڑا احتساب کر کے اچھے لوگوں کو آگے لانا ہو گا تا کہ ملک کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھ میں آئے جو ملک میں امن وامان، روزگار اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کر سکیں جو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفادات کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیامت خیز لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، معیشت نقصان میں ہے، سماجی مسائل خوفناک صورتحال اختیار کر چکے ہیں اس کے باوجود ہماے نام نہاد سیاستدان ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کیا پرواہ۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی چاہے جتنی بڑھ جائے اس فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو ملکی مسائل کی کیا دلچسپی۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم 11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے پرامن دھرنوں میں شریک ہو کر اس عوام دشمن نظام کو دریا برد کر دے، ملکی خوشحالی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے ساری قوم کو متحد ہو کر اس استحصالی انتخابی نظام کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، قاضی فیض الاسلام، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، فیاض وڑائچ، بشارت عزیز جسپال اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 255558
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش