0
Saturday 27 Apr 2013 01:18

پولیس اور رینجرز کراچی پر قابض دہشت گردوں کے سرپرست ہیں، آفاق احمد

پولیس اور رینجرز کراچی پر قابض دہشت گردوں کے سرپرست ہیں، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد کی جانب سے گذشتہ روز پولیس و رینجرز کی جانبدارانہ کارروائی اور انتخابی حلقوں میں جانے سے زبردستی روکنے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ جس میں پولیس و رینجرز حکام سمیت سندھ حکومت کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے روبرو جھوٹ بولنے اور مہاجر قومی موومنٹ کی انتخابی سرگرمیوں کو دہشت گردوں کی خوشنودی کیلئے روکنے کا نوٹس لیا جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ گذشتہ روز جو کچھ پولیس و رینجرز کی جانب سے کیا گیا وہ فسطائیت کی بدترین مثال اور اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ادارے کراچی پر قابض دہشت گردوں کے سرپرست اور شہر میں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں۔
 
ایک سوال کے جواب میں آفاق احمد نے کہا کہ پولیس اور رینجرز حکام نو گو ایریاز کے حوالے سے سپریم کورٹ کو مسلسل دھوکہ دیتے رہے۔ درحقیقت شہر میں نو گو ایریاز قائم رکھنے میں پولیس اور رینجرز ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گھر پر محصور کرکے کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں عوامی خدمت اور اپنے گھروں پر واپسی سے روکا جا سکتا ہے تو ایسا سوچنے والے احمق ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں امن و امان اور انتخابی عمل کو کسی قسم کے نقصان سے بچانے کیلئے کارکنان کو پرامن رہنے کی تلقین کی تھی لیکن شاید حکومت اور اس کے دہشت گرد حواریوں کی خواہش انتخابات کا التواء ہے اسی لئے اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے اور ہزاروں مہاجر خاندانوں کی جبری بے دخلی کو طول دیا جا رہا ہے۔
 
انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے آفاق احمد نے کہا کہ ظلم و بربریت مہاجر کارکنان کو جھکا سکتے ہیں نہ ہمیں انتخابات میں حصہ لینے سے روک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے بلکہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ہر میدان میں شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اعلیٰ عدلیہ پر پہلے بھی اعتماد تھا اور آج بھی ہے، اسی لئے اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے آگاہ کرنے اور انصاف کی بھرپور امید کے ساتھ آئے ہیں۔ اب یہ ابہام دور ہو جانا چاہئے کہ ہمیں الیکشن سے دور رکھا جا سکتا ہے۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ اپنی حجت پوری کر چکا ہوں انتخابات میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ اپنے حلقہ انتخاب میں بھی جائیں گے۔ سازشیں نہ پہلے ہمیں روک سکیں اور نہ اب ہمارے عزم کو زنجیریں پہنائی جا سکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 258309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش