0
Thursday 4 Apr 2013 13:47

رہنماء ایم کیو ایم حقیقی کی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نوگوایریاز کے خلاف دائر درخواست کا متن

رہنماء ایم کیو ایم حقیقی کی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نوگوایریاز کے خلاف دائر درخواست کا متن
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ روز مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) پاکستان کے رہنما اور نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 257 اور صوبائی اسمبلی پی ایس 127 جمیل الرب کی قیادت میں ایک وفد نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیش ہوکر نوگوایریاز کے خلاف درخواست جمع کرائی اور اپنے تحریری بیان حلفی میں اس بات کی نشاندہی کی کہ کراچی میں ناصرف نوگوایریاز موجود ہیں بلکہ مہاجر قومی موومنٹ کے نامزد امیدوار اپنے حلقوں میں جاکر انتخابی مہم تک چلانے کی پوزیشن نہیں ہیں۔ کیونکہ انتخابی فارم جمع کئے جانے کے ساتھ ہی متحدہ دہشت گردوں کی جانب سے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ جمیل الرب کا ہیہ بھی کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز حکام عدالت ِ عظمیٰ کے روبرو مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، کراچی کے بیشتر علاقے گذشتہ دس برسوں سے نوگوایریاز بنے ہوئے ہیں اور سیکڑوں مہاجر کارکنان اور انکے ہزاروں لواحقین گذشتہ دس برسوں سے در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔

اس حوالے سے جمیل الرب کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ہو یا سیکیورٹی ادارے سب کے سب دہشت گردوں کے مددگار بنے ہوئے ہیں اور صرف سپریم کورٹ ہی ایک ایسا فورم بچا ہے کہ جس سے کراچی کی آزادی کی امید ہے لیکن یہاں بھی حکومتی ہتھکنڈے جاری ہیں اور کراچی میں کھلے عام گھومتے مسلح دہشت ردوں کو روکنے کی بجائے ان کی سرپرستی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے مہاجر عوام و کارکنان میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ آخر میں جمیل الرب سمیت نامزد اراکین ِ قومی و صوبائی اسمبلی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے رجسٹرار سے ملاقات کی اور ان کے پاس اپنا تحریری بیان حلفی جمع کرایا جس کا اصل متن یہاں بھی دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کراچی، حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں کسی بھی وقت مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کی جانب سے انتخابی سرگرمیاں شروع کرنے اور علاقوں میں واپسی کی صورت میں متحدہ قومی موومنٹ سے خونی تصادم کا آغاز ہو سکتا ہے، اس صورتحال سے فائدہ اٹھا کر فرقہ پرست عناصر بھی دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حکمت عملی کیا ہو گی یہ تو وقت آنے پر ہی معلوم ہو گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

محترم جناب افتخار محمد چوہدری صاحب!
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان!
کراچی رجسٹری!

حلف نامہ

میں جمیل الرب ولد سید عبدالرب ساکن، مکان نمبر F-42، کینٹ بازار ایریا، ملیر کینٹ کراچی حلفیہ بیان دیتا ہوں کہ میں متذکرہ علاقے میں ہی پیدا ہوا، پلا بڑھا، وہیں تعلیم حاصل کی اور میرا خاندان عرصہ دراز سے وہیں آباد ہے۔ جبکہ میں مہاجر قومی موومنٹ کا قومی اسمبلی کے حلقے 257 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 127 سے امیدوار ہوں اور مہاجر قومی موومنٹ سے وابستگی اور متحدہ کی مہاجر دشمن اور ملک دشمن پالیسیوں سے اختلاف رکھنے کے جرم میں عرصہ گیارہ سال سے اپنے علاقے اور اپنے گھر سے دور رہنے پر مجبور ہوں۔
 
جناب! عوام میں خوف قائم رکھنے اور انہیں قید میں رہنے پر مجبور کرنے کیلئے متحدہ کے دہشت گردوں نے سر عام ملیر میں جو میرا حلقہ انتخاب ہے، نہ صرف مہاجر قومی موومنٹ کے درجنوں کارکنان کا قتل عام کیا بلکہ کالج کے پرنسپل جو کہ سال 2002ء کے انتخابات میں مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے قومی اسمبلی کے امیدوار تھے، عوام کے سامنے سر عام گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا صرف یہ تاثر دینے کیلئے کہ جو اپنی جان اور گھر نہ بچا سکیں وہ عوام کو ہمارے چنگل سے کیسے آزاد کرا سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ متحدہ کے دہشت گردوں نے مہاجر قومی موومنٹ کے شہید وائس چیئرمین ظفر قائم خانی اور کراچی ڈویژن کے آرگنائزر کے گھروں کو بھی نذر ِ آتش کر دیا۔
 
جناب چیف جسٹس صاحب! نوگوایریاز کا خاتمہ سردست مشکل نہیں لیکن پولیس اور رینجرز کی جانب سے دہشت گردوں کی سرپرستی لاکھوں کی تعداد میں اسلحہ لائسنسوں کی بندر بانٹ اور غیر قانونی اسلحہ کے ڈھیروں کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں نہ کرنے کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہو چکی ہے اور شہر کا چپہ چپہ نوگوایریا بنا ہوا ہے جس میں میرا علاقہ اور حلقہ انتخاب ملیر بھی شامل ہے۔
 
جناب عالی! اگر نوگوایریاز میں متحدہ کے دہشت گردوں کے مظالم اور حکومتی سرپرستی کے شاخسانے تحریر کرنے پر آئیں تو اتنے صفحات تحریر میں آجائیں کی جن کا وزن اٹھانا مشکل ہو جائے لیکن سردست صرف اتنی التجا ہے کہ پولیس اور رینجرز کے جھوٹے بیانات پر یقین کرنے کے بجائے علاقوں کا خود دورہ کریں یا پھر مجھ سمیت دیگر متاثرین کو عدالت میں پیش ہونے کی دعوت ِ عام دیں تاکہ آپ نوگوایریاز کے خاتمے، قیام امن اور آزاد و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے راست اقدامات کر سکیں، میں اس سلسلے میں عدلیہ کو غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

نوازش ہوگی!
خبر کا کوڈ : 251133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش