0
Tuesday 30 Apr 2013 17:54

پولنگ ڈے دھرنے الیکشن کا نہیں نظام کا بائیکاٹ ہے، علامہ طاہرالقادری

پولنگ ڈے دھرنے الیکشن کا نہیں نظام کا بائیکاٹ ہے، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد علامہ ڈاکٹرطاہر القادری نے کہا ہے کہ 11 مئی کے دھرنے امرباالمعروف بھی ہیں اور نہی عن المنکر بھی، ووٹ گواہی دینا ہے اور یہ مخالفت میں بھی دی جا سکتی ہے، ضروری نہیں کسی کے حق میں ہی دی جائے، پولنگ ڈے دھرنے الیکشن کا نہیں نظام کا بائیکاٹ اور کرپٹ نظام کے خلاف ووٹ ہیں، بدی کے نظام کو مسترد کرنے کیلئے دھرنوں میں شرکت کرنا دینی تقاضا ہے اور موجودہ نظام کے تحت ووٹ دینا کرپشن کے گناہ عظیم میں حصہ دار بننا ہے۔

وہ پاکستان عوامی تحریک کے عالمگیر ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جو ملک بھر میں 300 مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں سنا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج تک کسی سیاسی، مذہبی جماعت نے نظام انتخاب کے خلاف دھرنا نہیں دیا، یہ تاریخ پاکستان عوامی تحریک رقم کرے گی، نیکی پر جم جانا اور بدی کو رد کرنا نبی اکرم(ص) کا حکم ہے اور کرپشن کے نظام کے تحت ووٹ دینا گناہ کبیرہ ہے۔ الیکشن کمیشن غیر آئینی اور قوم کا مجرم ادارہ ہے اور الیکشن کرانے والے اندھے، بہرے اور گونگے ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ایک مرتبہ پھر بدمعاشوں، غنڈوں اور رسہ گیروں کو حکمران بنا دے گا جو ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہو گا، پاکستان عوامی تحریک کرپشن کے نظام کو ہرگز سپورٹ نہیں کر سکتی، ڈنکے کی چوٹ پر پھر کہہ رہا ہوں الیکشن کمیشن کی تشکیل آئین کے آرٹیکل 218،213 کے تحت نہیں ہوئی، اعلیٰ عدلیہ کے جج اور الیکشن کمیشن کے اراکین آج تک میری بات کو رد نہیں کر سکے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عوام ملک و قوم کا مستقبل بچانا چاہتے ہیں تو 11 مئی کے دھرنوں میں ہر جگہ لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں، نظام انتخاب کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہو گیا تو یہ نظام اور اسکے محافظ اپنی موت آپ مر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بھی دھرنوں میں بڑی تعداد میں شرکت کریں، 11 مئی کے دھرنے ملک میں تبدیلی نظام کی بنیاد ثابت ہوں گے اس لئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان گھر گھر جا کر عوام پر دھرنوں کی اہمیت واضح کریں۔
خبر کا کوڈ : 259455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش