0
Wednesday 1 May 2013 21:45

پاکستان کی بقاء کیلئے امریکہ اور طالبان سے نجات حاصل کرنا ہوگی، علامہ حسن ظفر نقوی

پاکستان کی بقاء کیلئے امریکہ اور طالبان سے نجات حاصل کرنا ہوگی، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے حلقہ NA-250 کے نامزد امیدوار سید علی حسین نقوی کے الیکشن آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کارکنان اور ہمدردوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا قرآن اور رسول اللہ (ص) کا فرمان ہمارا منشور ہے، قوم گھر کا اجالا اور منہ کا نوالا چھیننے والوں کو عبرت کا نشان بنا دے، تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور کرپشن کے بت لرز رہے ہیں، 11 مئی کو صبحِ نو طلوع ہوگی، امریکہ اور طالبان سے نجات میں پاکستان کی حیات ہے، بڑے لیڈروں کی سیاست خوشحالی نہیں حکمرانی کے لیے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دو مرتبہ پورے ملک اور پانچ مرتبہ پنجاب میں برسر اقتدار آنے والی جماعتوں نے ملک و قوم کو کچھ نہیں دیا، امریکہ اور عرب ممالک ایک مخصوص پارٹی کی کامیابی کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، اصل کھیل 11 مئی کے بعد شروع ہوگا، معلق پارلیمنٹ مسائل حل نہیں کر سکے گی۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس بات پر غور کرنا چاہئے اور بیرونی مداخلت ختم کرنے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہم کسی طور بھی الیکشن ہائی جیک نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر ڈویژنل رہنماء میثم عابدی اور ضلع جنوبی کے رہنماء جاوید عباس سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین کے NA-250 حلقہ کے نامزد امیدوار علی حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کے لیے انتشار پھیلایا جا رہا ہے اور دہشت گرد ریاست پر غالب آتے جا رہے ہیں، جمہوریت اور امن دشمن عناصر کے خلاف سیاسی قوتیں متحد ہوجائیں، کراچی میں دہشت گردی کی تازہ لہر سے ریاستی اداروں کی ناکامی کھل کر سامنے آگئی ہے، انتخابات فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 259885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش