0
Wednesday 1 May 2013 21:21

تکفیری قوتیں پاکستان کو توڑنے کی بھارتی و امریکی سازش پر عمل پیرا ہیں، علامہ مبارک موسوی

تکفیری قوتیں پاکستان کو توڑنے کی بھارتی و امریکی سازش پر عمل پیرا ہیں، علامہ مبارک موسوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید مبارک موسوی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی تکفیری قوتوں کے خلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں جاری انتخابی مہم کی مناسبت سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ پچھلی دو دہائیوں سے ہم یہ بات کر رہے تھے کہ تکفیری عناصر پاکستان اور یہاں بسنے والے ہر مکتب فکر کے افراد کے دشمن ہیں لیکن اس وقت کسی نے بھی ہماری بات پر کان نہیں دھرے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج نہ صرف اہل تشیع بلکہ ہمارے اہل سنت بھائی حتیٰ کہ عیسائی برادری بھی ان عناصر کی دہشت گردی کا نشانہ بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج زمانہ دیکھ رہا ہے کہ ان عناصر کی دہشت گردی سے پاکستان کی سیاسی جماعتیں بھی محفوظ نہیں، ملک میں بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تکفیری قوتوں کے خلاف ملک گیر سطح پر بھرپور آپریشن کیا جائے، تاکہ پاکستان کی عوام امن و امان کی زندگی بسر کرسکیں۔ علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ تکفیری قوتیں پاکستان کو توڑنے کی بھارتی و امریکی سازش پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فقط ان قوتوں کے خلاف بیان پر اکتفا نہ کریں بلکہ ان کے شر سے پاکستان کو نجات دینے کیلئے عملی اقدامات کریں۔ علامہ مبارک موسوی نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ کالعدم جماعتوں کے رہنماؤں کے انتخابات میں حصہ لینے پر فوری ایکشن لیں اور پاکستان کی سلامتی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تکفیری سوچ رکھنے والے امیدواروں کو ناہل قرار دے۔
خبر کا کوڈ : 259878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش