0
Tuesday 7 May 2013 01:21

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب ختم کرنیکی ہدایت کر دی

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب ختم کرنیکی ہدایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی مہم 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب ختم کرنے کی ہدایت کر دی، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے وقت سے 36 گھنٹے قبل انتخابی مہم یا جلسہ نہیں کیا جاسکتا، انتخابی امیدوار اور سیاسی جماعتیں نو اور دس مئی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کر دیں۔ الیکشن کمیشن نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات سے نتائج آنے تک سیاسی اشتہارات بند کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق صرف ٹاک شوز میں تبصروں اور تجزیوں کی اجازت ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم پرویز اشرف کے دور میں تعینات کئے گئے چیف ایگزیکٹو آئیسکو جاوید پرویز کی ہٹانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ کے نام خط میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے گھر اور دفتر کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں دیر میں جعلی بیلٹ پیپرز کی برآمدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، بصورت دیگر اے این پی احتجاج کریگی۔ الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک پرچی کا آغاز کر دیا ہے۔ ووٹرز 8300 پر ایس ایم ایس کرکے بلاک کوڈ، سلسلہ نمبر اور پولنگ اسٹیشن کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کہتے ہیں کہ بیلٹ پیپرز کی چوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بیلٹ پیپرز کی تیاری اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن ریاض کیانی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ الیکشن خونی ہوں گے۔ اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں 11 مئی کو وزارت داخلہ موبائل فون سروس معطل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران تین روز تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 261405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش