0
Friday 17 May 2013 15:47

انتخابات کے نتائج سے متعلق امریکی سفیر کا بیان تشویشناک ہے، جمعیت علمائے پاکستان

انتخابات کے نتائج سے متعلق امریکی سفیر کا بیان تشویشناک ہے، جمعیت علمائے پاکستان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان نے 11 مئی کے عام انتخابات کے حوالے سے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ کراچی میں منصفانہ الیکشن سے گریز کیا جانا بیرونی ایجنڈے کی تکمیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار جے یو پی کے سینئر نائب صدر محمد مستقیم نورانی نے رضا لائبریری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو پی کراچی کے صدر مفتی محمد غوث صابری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالرزاق سانگلانی، مرکزی رہنما حلیم خان غوری و دیگر بھی موجود تھے۔ رہنماؤں نے امریکی سفیر کے اس بیان پر تشویش کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں دوبارہ انتخابات کرانے سے کوئی واضح تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں منصفانہ الیکشن کے انعقاد میں ناکامی کا اعتراف کرلیا ہے، لہٰذا ازالے کے طور پر فی الفور فوج کی مکمل نگرانی میں پورے کراچی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں دوبارہ شفاف انتخابات کے لئے بلا تاخیر شیڈول جاری کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا صرف ایک حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان باقی حلقوں کی دھاندلی کو قانونی قرار دینے کے مترادف ہے۔

جے یو پی کے رہنماؤں نے کہا کہ گیارہ مئی کو کراچی میں جو کچھ ہوا، اس بارے میں کراچی کی دینی و سیاسی جماعتیں گزشتہ کئی ماہ سے الیکشن کمیشن، نگراں حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو تحریری و تقریری طور پر آگاہ کر رہی تھیں مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ووٹ کم از کم چار / پانچ منٹ میں کاسٹ ہوتا ہے پھر کراچی کے سوگ جیسے ماحول میں دو، دو لاکھ ووٹ کیسے کاسٹ ہوگئے، کیا جنات ووٹ ڈالنے کے لئے آگئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے بیلٹ پیپرز پر موجود انگوٹھے کے نشانات کی نادرا کی مدد سے دیانت دارانہ تصدیق کرائی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان واقعی آزاد و خود مختار ادارہ ہے تو اسے چاہیے کہ عام انتخابات میں اپنے دامن پر موجود بدترین دھاندلی کے الزامات کو دھونے کے لئے پورے اخلاص سے کراچی میں ری پولنگ کرائے۔ جے یو پی کے رہنماؤں نے (ن) لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف کو واضح مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اقتدار کے لئے مصلحتوں کا شکار نہیں ہوں گے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما محمد اسلم عباسی، حافظ نور العین و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 264864
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش