0
Friday 31 May 2013 18:39

نئے حکمران امریکہ کو مائی باپ سمجھنے کی روایت توڑیں، صاحبزادہ حامد رضا

نئے حکمران امریکہ کو مائی باپ سمجھنے کی روایت توڑیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئے حکمران امریکہ کو مائی باپ سمجھنے کی روایت توڑیں،اصغر خان کیس کے فیصلے کو سرد خانے میں ڈالنا مک مکا کی سیاست کا نتیجہ ہے، 65سالوں سے سیاسی فرعونوں نے ذلتوں کے مارے لوگ غلام بنا رکھے ہیں، نواز شریف پہلی تقریر میں نظامِ مصطفی کے نفاذ کا اعلان کریں، باری باری کا کھیل جاری رہنا افسوسناک ہے، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا نوٹس لیں، دہشت گردوں کو عدالتوں سے سزائیں نہ ملنا المیہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس سمیت تمام سرکاری اداروں میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی جائے اور حکمرانوں کے صوابدیدی فنڈز ختم کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ نواز بشیر جلالی کی قیادت میں آزادکشمیر کے علماء و مشائخ اور پارٹی عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو مشکل اور غیرمقبول فیصلوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت غیراعلانیہ اور غیرمساوی لوڈشیڈنگ ختم کرے، انتہاپسندی، توانائی کا بحران اور کمزور معیشت پاکستان کے سنگین ترین مسائل ہیں، الیکشن کمیشن نے نااہلی اور بے حسی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں، تشدد اور قتل و غارت کے خلاف اجتماعی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے، قومی راہنما ماضی کے اسیر نہ بنیں اور ماضی کی تلخیاں بھلا کر نیا سفر شروع کریں۔
خبر کا کوڈ : 269381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش