0
Thursday 13 Jun 2013 13:12

صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی برجیس طاہر سے ملاقات

صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر کی برجیس طاہر سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر سردار یعقوب خان نے وزیرامور کشمیر برجیس طاہر سے گذشتہ روز الگ الگ ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر، تحریک آزادی، آزاد کشمیر کی تعمیروترقی، فنڈز کے اجراء،کشمیر کونسل اور حکومت آزاد کشمیر کے تعلقات کار، پاکستان میں کشمیر پراپرٹی، منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر امور کشمیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ خدا کرے کہ آپ کی جماعت اور آپ کی کامیابی ملک و قوم کے لیے نیک شگون ثابت ہو اور آپ ملکی مساءل کو جلد از جلد حل کرنے میں کامیاب ہوں۔ 

سردار یعقوب نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ۶۵ سال میں پہلی مرتبہ جمہوری انداز میں پرامن انتقال اقتدار کا منظر دیکھا ہے۔ جب کوئی قوم درست سمت کا انتخاب کر لے تو پھر اسے کوئی منزل مقصود تک پہنچنے سے نہیں روک سکتا۔ صدر نے برجیس طاہر سے کہا کہ آپ بحیثیت وفاقی وزیر امور کشمیر ہمارے وکیل بن گئے ہیں ہمارے مفادات اور کشمیر کاز کے لیے آواز بلند کرنا آپ کا فرض ہو گا۔ 

وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نے کہا کہ ہم پر عوام نے بے پناہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جو ہمارے لیے کسی امتحان سے کم نہیں۔ میں نے پہلے ہی دن وزارت امور کشمیرکی بریفنگ لی جس کے بعد پریشان ہو گیا ہوں۔ وسائل کم اور مسائل کے پہاڑ ہیں۔ انھوں نے بتایاکہ پاکستان میں اس وقت ۲۲ ارب روپے سے زیادہ مالیت کی کشمیر پراپرٹی موجود ہے جس کی صرف چار کروڑ روپے آمدن ہے۔ اس جائیداد کے حوالے سے ۱۹۶۵ء سے عدالتوں میں مقدمات زیرالتواء ہیں۔ منگلا ڈیم متاثرین کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے مزید ۲۵۰ ارب روپے درکار ہیں۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ میری کشمیری عوام اور مسئلہ کشمیر کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔ ہم مسئلہ کشمیر کو نہیں بھول سکتے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔ برجیس طاہر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکمران جماعت کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ منتخب حکومت اپنی معیاد مکمل کرے اور وہاں اپوزیشن کو بھی انتخابات تک انتظار کرنا چاہیے۔ 

درں اثناء وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بھی وفاقی وزیر امور کشمیر سے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ پاکستان میں قائم ہونے والی حکومت کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروانے میں بھرپور کوشش کرے گی۔ وفاقی وزیرنے چوہدری مجید یقین دلایا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیروترقی کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی اور عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی سپورٹ جاری رکھے گی اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 273235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش