0
Thursday 13 Jun 2013 21:32

حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ڈاکٹر معراج الہدیٰ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب دشمن بجٹ پیش کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سیکریٹریٹ کے اخراجات میں کمی اور وزارت اطلاعات و نشریات سمیت 16 وزراتوں کے خفیہ فنڈز کو ختم کرنے والے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ سے مہنگائی 5 فیصد تک بڑھ جائے گی جس کا سارا بوجھ غریب آدمی پر پڑے گا کیونکہ جی ایس ٹی کے اضافہ سے روز مرہ کی اشیاء خورد و نوش آٹا، چینی، چاول، تیل سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے مزید کہا کہ عام آدمی پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کی خراب صورتحال سے پریشان ہے مگر حالیہ بجٹ سے ان کی زندگی آسان ہونے کے بجائے مزید پریشانیاں بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھاری مینڈیٹ سے منتخب ہونے والی حکومت سے عوام کو بھاری امیدیں وابستہ تھیں کہ وہ ظلم و ناانصافیوں کی چکی میں پسنے والی غریب عوام کے دکھوں کا مداوا کرے گی مگر وزیر خزانہ نے حالیہ بجٹ میں جی ایس ٹی کے اضافہ کے ذریعے مہنگائی کی نوید سنا کر ان کے ارمانوں کا قتل کیا ہے جو کہ عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین ہے۔
 

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ بڑے جاگیرداروں، سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے تو لگژری گاڑیوں پر ٹیکس 25 فیصد چھوٹ دی گئی ہے جبکہ غریب عوام کی دال روٹی پر ٹیکس لگا کر ان کی کمر توڑنے کا مکمل بندوبست کیا گیا ہے یہاں تک کہ مذہبی فریضہ سرانجام دینے والے حاجیوں پر بھی ٹیکس 3 ہزار سے بڑھا کر 5 ہزار کر دیا گیا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح صحت و تعلیم جیسے بنیادی انسانی ضروریات کیلئے مختص رقم بھی ناکافی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت عوام کش اقدامات کے بجائے عوام کو رلیف دینے کیلئے اقدامات کریگی اور حالیہ بجٹ کے بعد آنے والے منی بجٹ کے سدباب کیلئے بھی موئثر منصوبہ بندی کرے گی تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 273405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش