0
Friday 21 Jun 2013 21:20

پشاور دھماکے پر علامہ ساجد نقوی کا ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان

پشاور دھماکے پر علامہ ساجد نقوی کا ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراه علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے مشترکہ بیان میں جامعہ شہید عارف الحسینی پشاور کی مسجد میں خودکش حملہ آوروں کی فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں 14 سے زائد نمازیوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اپنے مذمتی بیان میں شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تسلسل کے ساتھ معصوم اور بےگناہ عوام کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے مگر ریاست کے ذمہ داران اور امن و امان کے ضامن ادارے ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ نہ تو عبادت گاہیں محفوظ ہیں اور نہ ہی نماز جنازہ کے اجتماعات۔ عوام پوچھتے ہیں کہ ملک کی سلامتی اور امن سے کھیلنے والے خونی عناصر کون ہیں؟ ان کے سرپرست کون ہیں؟ انہیں پالنے پوسنے والے آج تک منظر عام پر کیوں نہیں لائے گئے؟ دہشت گردی کے بڑے بڑے سانحات کے حقائق سے عوام اب تک بےخبر کیوں ہیں؟ دہشت گردی کی لعنت پر قابو پانے کے لئے ٹھوس پالیسی کب وضع ہوگی۔

اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے لے کر خیبر تک پورا ملک دہشت گردوں کے نشانہ پر ہے، آئے روز معصوم جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے مگر اس جانب سنجیدگی سے غور نہیں کیا جا رہا ہے۔ کیا اب بھی وہ وقت نہیں آیا کہ حکمران مذمتی بیانات سے آگے بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ دہشت گردی اور بدامنی کے خلاف ٹھوس پالیسی کا اعلان کیا جائے، ریاستی اداروں اور امن و امان کے ضامن دیگر اداروں کو متحرک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کسی کی بھی جان محفوظ نہیں ہے۔ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جب تک ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوتی اس وقت تک ملک مستحکم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جلد از جلد دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی واضح کرے تاکہ معصوم جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ علامہ ساجد نقوی نے سانحہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے سانحہ میں شہید ہونیوالے افراد کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے جبکہ زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 275603
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش