0
Monday 1 Jul 2013 20:54

دہشت گردی کی بنیادی وجہ امریکہ کی خطے میں موجودگی ہے، منور حسن

دہشت گردی کی بنیادی وجہ امریکہ کی خطے میں موجودگی ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہورمیں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، صرف گزشتہ روز پشاور اور کوئٹہ کے دو واقعات میں پچاس سے زائد بے گناہ لوگ لقمۂ اجل بن گئے اور سو سے زائد زخمی اور اپاہج بنا دیئے گئے ہیں، حکمران دوسری فکروں میں مشغول ہیں اور وہ صرف ان واقعات کی مذمت کر کے سمجھتے ہیں کہ ان کا فرض پورا ہو گیا ہے، دہشت گردی کا عفریت پورے ملک میں پھیل چکا ہے، اس پر قابو پانے اور کوئی پائیدار حل نکالنے کے لیے قومی سطح کی آل پارٹیز کانفرنس بلا کر ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

سید منور حسن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جا رہا ہے، روزانہ بیسیوں جنازے اٹھتے ہیں، درجنوں زخموں سے چور چور ہوتے ہیں، کئی گھرانے اجڑتے ہیں، کئی گھروں میں صف ماتم بچھتی ہے، پورا ملک دہشت گردوں کے نشانے پر ہے اس میں اندرونی و بیرونی، دونوں ہاتھ ملوث ہیں، حکومت اور اس کی پولیس و ایجنسیاں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں، حکمرانوں کو اس عذاب سے نجات دلانے کی فکر کرنے کے بجائے وہ آئی ایم ایف سے قرضے حاصل کرنے، تیل، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے اور طرح طرح کے نئے ٹیکس لگا کر عوام کا خون نچوڑنے میں لگے ہوئے ہیں حالانکہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی اور بدامنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر توجہ دینے کے بجائے انہیں بھارت سے دوستی اور اسکے ساتھ تجارت کو فروغ دینے اور اسے ’’موسٹ فیورٹ نیشن‘‘ قرار دینے کی زیادہ فکر ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ دہشت گردی کی بنیادی وجہ امریکہ کی اس خطے میں مداخلت اور دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ ہے ، امریکی مداخلت سے پہلے یہاں امن تھا ، بدامنی اور دہشت گردی سے نجات کا واحد راستہ خطے سے امریکی مداخلت کا خاتمہ اور پاکستان کا امریکی جنگ سے علیحدگی ہے اس لیے جتنا جلد ممکن ہو ، اس جنگ سے علیحدگی اختیار کی جائے۔

سید منورحسن نے کہاکہ حکمران سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چل رہے ہیں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کے دکھوں میں اضافہ ہی کیاجارہاہے ، حکمرانوں نے اپنا رویہ نہ بدلا تو عوام میں مایوسی اور بددلی پھیلے گی جو بالآخر غصے اور جھنجھلاہٹ میں بدل جائے گی پھر بپھرے ہوئے عوام سڑکوں پر نکلیں گے جنہیں کنٹرول کرنا حکومت کے بس میں نہیں رہے گااس لیے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی پالیسیاں بنائیں جن سے عوام کی مشکلات میں کمی آئے اور ان کے مسائل حل ہوں ، بدامنی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 278635
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش