0
Thursday 8 Aug 2013 18:42

لیاری کی عوام کو پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے کی سزا دی جا رہی ہے، پی پی پی کراچی

لیاری کی عوام کو پیپلز پارٹی کو ووٹ دیے کی سزا دی جا رہی ہے، پی پی پی کراچی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم، سینیٹر سعید غنی اور سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے لیاری میں نائٹ فٹ بال میچ کے دوران دہشت گردوں کے بم حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے بالخصوص لیاری کو تختہ مشق بنا رکھا ہے۔ لیاری زندہ دلان اور ترقی پسند لبرل پروگریسو لوگوں کا علاقہ ہے جہاں ہمیشہ امن و امان پورے کراچی سے ٹھیک رہتا تھا۔ یہاں بائیں بازو کی سیاست فروغ پائی اور لیاری نے اسپورٹس میں پوری دنیا میں نام کمایا جس کی وجہ سے پاکستان کا نام بھی عالمی طور پر نمایاں ہوا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا کہ لیاری کے عوام کو فرقہ وارانہ، لسانی بنیاد پر کام کرنے والی انتہاء پسند تنظیموں کا حصہ نہ بننے پر اور پیپلز پارٹی کو مستقل بنیاد پر ووٹ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔ 

پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے مذموم عزائم سے باز آجائیں اور لیاری میں کبھی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے اور کبھی بم دھماکوں کے ذریعے بے گناہ انسانوں کا خون بہانا بند کردیں بصورت دیگر عوام خود دہشت گردوں کا محاسبہ کریگی اور انہیں گھروں میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔ پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے بم دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحتیابی دے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے والوں اور زخمیوں کو معاوضے کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 290951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش