0
Friday 9 Aug 2013 15:25

بارہ کہو اسلام آباد کی علی مسجد میں خودکش دھماکے کی کوشش، ایک شہید، 2 زخمی، حملہ آور ہلاک

بارہ کہو اسلام آباد کی علی مسجد میں خودکش دھماکے کی کوشش، ایک شہید، 2 زخمی، حملہ آور ہلاک
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کے نواحی علاقے بارہ کہو میں خودکش حملے کی کوشش ناکام ہوگئی، تفصیلات کے مطابق علی مسجد میں نماز جمعہ ادا ہوگئی تھی اور تقریباً نمازی گھروں کو جاچکے تھے کہ اچانک ایک خودکش حملہ آور نے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی پر مامور مسجد انتظامیہ کے گارڈ نے جوابی فائرنگ کی، جس سے خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا جبکہ مسجد میں موجود دو افراد زخمی ہوگئے۔ جائے وقوعہ پر موجود علامہ عابد حسین بہشتی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو بتایا کہ مسجد انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی پر مامور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے سید امین حسین خودکش حملہ آور کی فائرنگ سے شہید ہوگئے ہیں، جبکہ دو افراد زخمی ہیں، جنہیں اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جن کے نام بلال حسین اور مدثر حسین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے آنے سے فقط چند منٹ پہلے علامہ امین شہیدی نماز جمعہ ادا کرکے نکل چکے تھے جبکہ علامہ سید حسنین گردیزی نماز پڑھا کر اپنے گھر میں داخل ہی ہوئے تھے کہ باہر سے فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ ایم ڈبلیو ایم کی لیڈرشپ تھی۔

علی مسجد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ واقعہ کی مکمل ذمہ داری تھانہ بارہ کہو پر عائد ہوتی ہے جس کا ایک اہلکار بھی سکیورٹی پر موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کتنی عجیب بات ہے کہ 150 گز کے فاصلہ پر تھانہ ہے لیکن اس کا کوئی اہلکار یہاں موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اصل عید تھانہ بارہ کہو کے ایس ایچ او اور اہلکاروں نے گھروں میں بیٹھ کر منائی ہے جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ مسجد کے پیش نماز اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید حسنین گردیزی نے کہا کہ آج کا واقعہ اسلام آباد پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہائی سکیورٹی کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہید ہونے والے سکیورٹی گارڈ سید امین حسین کی نماز جناہ شام 6 بجے ڈی چوک میں ادا کی جائیگی۔
خبر کا کوڈ : 291101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش