0
Saturday 10 Aug 2013 15:41

بارہ کہو میں مارے گئے خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی، 3 بھائیوں سمیت 5 افراد گرفتار

بارہ کہو میں مارے گئے خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی، 3 بھائیوں سمیت 5 افراد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ بارہ کہو اسلام آباد میں مارے گئے خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے، حملہ آور کا تعلق بھوانہ سے تھا۔ حساس اداروں نے خودکش حملہ آور کے تین بھائیوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ عید کے روز بارہ کہو اسلام آباد میں مارے گئے خودکش حملہ آور کی شناخت فنگر پرنٹ کے ذریعے کی گئی۔ خودکش حملہ آور کا نام ذکاء اللہ تھا اور وہ بھوانہ کے نواحی گاوٴں چک نمبر 239 ج ب کا رہائشی تھا، والد محمد بخش ریٹائرڈ گورنمنٹ اسکول ٹیچر ہیں۔ خودکش حملہ آور کی چار بہنیں اور چھ بھائی ہیں۔ فیصل آباد ریجن پولیس اور مختلف حساس اداروں کے اہل کاروں نے گاوٴں کا محاصرہ کر کے خودکش حملہ آور کے تین بھائیوں سمیع اللہ، کلیم اللہ، احسان اللہ اور دو دیگر ساتھیوں نواز اور مسلم شیخ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کی مسجد میں خودکش حملے کی کوشش کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس نے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ذکا اللہ کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق جھنگ کے علاقے بھوانہ کے چک نمبر دو سو انتالیس سے ہے۔ عید کی چھٹیوں کے باعث پولیس کو خودکش حملہ آور کے فنگر پرنٹس کا رزلٹ نہیں مل سکا، پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے خلاف قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور اعانت جرم کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 
مقدمہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے جبار شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، خودکش حملہ آور کی فائرنگ سے ایک گارڈ جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق خودکش حملہ آور نے بیرئر کے پاس کھڑے گارڈ پر فائرنگ کی، فائرنگ کی آواز سے بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کیلئے بھاگنے لگے۔ حملہ آور اپنا پیچھا کرنے والے گارڈز پر بھی فائرنگ کرتا رہا، ایک مسلح گارڈ نے گلی کی نکڑ پر پوزیشن لی اور دوسرا گارڈ ایک مکان میں چلا گیا، جس کے بعد خودکش حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 291241
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش