0
Tuesday 27 Aug 2013 17:23

محب وطن علماء شیعہ سنی کو لڑانے کی عالمی سازش ناکام بنا دیں،صاحبزادہ حامد رضا

محب وطن علماء شیعہ سنی کو لڑانے کی عالمی سازش ناکام بنا دیں،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ فرقہ وارانہ قتل و غارت کے خلاف جمعہ 30 اگست کو ’’یومِ امن و محبت‘‘ منایا جائے گا، اس روز ملک بھر کی لاکھوں مساجد میں قتل ناحق کے خلاف خطباتِ جمعہ ہوں گے اور مساجد کے باہر انسانی جان کی حرمت کے حق میں ہینڈ بل تقسیم کیا جائے گا، محب وطن علماء شیعہ سنی کو لڑانے کی عالمی سازش ناکام بنا دیں، امن دشمن عناصر کو ناکام بنانے کے لیے قوم متحد ہو جائے، انتہاپسند فرقہ پرستوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے، حکومت نے دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، دہشت گردوں سے مذاکرات کا اعلان حکومتی کمزوری کا عکاس ہے، امریکہ شام پر جارحیت کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے، کراچی میں سنی تحریک کے سیکٹر انچارج جاوید قادری کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے قرضے معاف کئے جائیں،7 ستمبر کو سرکاری سطح پر یومِ ختمِ نبوت منایا جائے اور اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے دو روزہ دورہ پر روانگی سے پہلے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیر اطہر القادری، مفتی محمد سعید رضوی، میاں فہیم اختر بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مہنگائی نے ہر گھر کو بھوک ہڑتالی کیمپ بنا دیا ہے، بھارت نے چودہ دنوں میں چالیس بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی ہے، دس سال قائم رہنے والا جنگ بندی کا معاہدہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کی وجہ سے ٹوٹ گیا ہے، کالاباغ ڈیم ملکی زراعت کی ترقی اور بجلی بحران سے نجات کا راستہ ہے،بھارتی جارحیت ہماری کمزور خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے، ملک میں امن و امان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، حکومت کو گومگو میں رہنے کی بجائے یکسو ہو کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا فیصلہ کن آپریشن شروع کر دینا چاہیے۔ ایسا نہ کیا گیا تو حکمران جس اقتصادی ترقی کا خواب دیکھ رہے ہیں وہ دہشت گردی کی فضا میں کبھی پورا نہیں ہو سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 295977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش