0
Tuesday 27 Aug 2013 18:38

جماعة الدعوة بھارتی جارحیت کیخلاف 6 ستمبر کو ”دفاع پاکستان کارواں“ نکالے گی

جماعة الدعوة بھارتی جارحیت کیخلاف 6 ستمبر کو ”دفاع پاکستان کارواں“ نکالے گی
اسلام ٹائمز۔ بھارتی آبی جارحیت اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے خلاف جماعة الدعوة پاکستان کے تحت 6 ستمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی سے ڈی چوک اسلام آباد تک ”دفاع پاکستان کارواں“ نکالے گی۔ کارواں میں شرکت کیلئے کراچی سے قافلہ 4 ستمبر کو روانہ ہوگا۔ اس بات کا اعلان جماعة الدعوة کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ضلعی، علاقائی و شعبہ جاتی ذمہ داران کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل شرانگیزیوں کے ذریعے امن و امان کی فضاء کو تباہ کر رہا ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی و امریکی عزائم کارفرماں ہیں۔ بھارت کی جانب سے کی جانے والی شرارتوں پر کسی بھی صورت خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔
 
انجینئر نوید قمر نے کہا کہ امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بھارتی آبی جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ تحریک کا مقصد خطے میں انڈیا کی دہشت گردی کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستانی حکومت پر دباﺅ بڑھانا ہے تاکہ وہ بھارتی و امریکی دباﺅ کا شکار ہونے کے بجائے ملکی سلامتی و خودمختاری کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعة الدعوة کے کارکنان محلوں، بازاروں، چوک چوراہوں اور اہم مقامات پر بھارت کی شرانگیزیوں کے خلاف پروگرامات منعقد کریں گے۔ دفاع پاکستان کارواں میں شرکت کیلئے گھر گھر پہنچ کر بھرپور رابطہ مہم چلائی جائی گی۔ انجینئر نوید قمر کا کہنا تھا کہ 4 ستمبر کو کراچی سے کارواں میں شرکت کیلئے کارکنان و شہریوں پر مشتمل قافلے راولپنڈی روانہ ہوں گے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی سے اسلام آباد کارواں کے بعد کراچی میں بھی جلسوں، کانفرنسوں، سیمینارز اور دفاع پاکستان کارواں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 296097
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش