0
Wednesday 28 Aug 2013 09:35

پاک بھارت جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، چوہدری مجید

پاک بھارت جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستان بھارت جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ کنٹرول لائن پر سول آبادی بھارتی فائرنگ سے محفوظ نہیں، اقوام متحدہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کا سلسلہ بند کرائے۔ ایل او سی پر فائرنگ جنگ کو دعوت دینے کےمترادف ہے۔ بھارتی فوج کے فائرنگ سے آزاد کشمیر کے 12 حلقے متاثر ہو رہے ہیں۔ تنازع کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے۔ گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری مجید نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کا سلسلہ بند کرایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت سرحد کے اس پار مقبوضہ کشمیر کے اندر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف سرحدی پٹی پر بھارت نے بلااشتعال گولہ باری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

وزیراعظم کشمیر نے کہا کہ کشمیر کی 12 سو کلومیٹر کی پٹی بھارتی گولہ باری سے متاثر ہو چکی ہے۔ پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ ساتھ کئی شہری شہید، معذور و شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ شہریوں کے مکانات اور املاک تباہ اور مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ سرحدی پٹی پر بسنے والی آبادی عملا محصور ہو کر رہ گئی ہے ایسے حالات میں ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے اقوام متحدہ وعالمی ادارے فیکٹ فائنڈنگ مشنز کشمیر کے اندر بھیجیں اور وہ اپنی آنکھوں سے بھارت کے ظلم وجبر کو دیکھیں۔

سرحدی پٹی پر بسنے والے نڈر، غیور اور نہتے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہوئے چوہدری مجید نے انھیں یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت، پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے ساتھ ہیں۔ وہ انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے سرحدی پٹی پر بسنے والے نہتے کشمیری پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی اور پاکستان کا دفاعی حصار ہیں۔ کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی فائرنگ سے متاثرہ لوگوں کے لیے مہاجر کیمپ قائم کر رہے ہیں۔ انھوں نے آزاد کشمیر کے وزراء کو بھی ہدایت کی وہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں کا دورہ کریں اور لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے دنیا بھر کے اندر بسنے والے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی فورم پر بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔
خبر کا کوڈ : 296243
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش