0
Monday 2 Sep 2013 18:31
قومی سلامتی اولین ترجیح، سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا

سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس، شام پر ممکنہ امریکی حملے کے اثرات پر غور

سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس، شام پر ممکنہ امریکی حملے کے اثرات پر غور
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت سکیورٹی صورتحال اور دہشتگردی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، عسکری حکام نے دہشتگردی کے خلاف قومی پالیسی پر تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں۔ وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں قومی سلامتی کے امور پر غور کیا گیا جبکہ شام کی کشیدہ صورتحال اور امریکی حملے کی صورت میں پیدا ہونے والے اثرات اور خدشات کا بھی جائزہ لیا گیا، اجلاس کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی، عسکری حکام نے دہشت گردی کے خلاف قومی پالیسی کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف ممکنہ ٹارگٹڈ آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کراچی میں ممکنہ آپریشن کے دوران ملک بھر میں سکیورٹی اقدامات سخت رکھے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ڈی جی آئی ایس آئی ظہیرالاسلام نے بھی شرکت کی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اعلٰی سطح اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی ظہیر الاسلام اور خارجہ امور کیلئے وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ مسائل کے پائیدار حل کے لئے تمام متعلقہ فریقوں کو قومی اہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا چاہئیے۔ دوسری جانب کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کے لئے وزیراعظم نواز شریف کل شہر قائد پہنچیں گے۔ مجوزہ ٹارگٹڈ آپریشن کے خدوخال ان کے سامنے رکھ دیئے گئے۔ 
نواز شریف کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے سندھ حکومت اپنی ضروریات سے آگاہ کرے۔ کراچی کی صورتحال کے بارے میں اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو مجوزہ ٹارگٹڈ آپریشن کے خدوخال سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے چوہدری نثار کو کراچی میں قیام امن کیلئے سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے سندھ حکومت اپنی ضروریات سے آگاہ کرے۔ کراچی کی صورتحال پر وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 4 ستمبر کو ہوگا۔ اجلاس میں گورنر وزیراعلٰی، آئی بی، آئی ایس آئی، رینجرز کے ڈائریکٹر اور اعلٰی پولیس حکام شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 297877
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش