0
Monday 30 Sep 2013 11:36

دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتی، طاہر کھوکھر

دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتی، طاہر کھوکھر
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر و وزیر ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو حق خوداردیت اور آزادی کے حصول سے نہیں روک سکتی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کر کے قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔ مظفرآباد میں ایک نجی تعلیمی ادارے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اقوام متحدہ ناکام ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے کمزوریوں کی درست نشاندہی کی ہے۔ کشمیر اور فلسطین پر اقوام متحدہ کا دوہرا معیار افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر کے حوالے سے جنرل اسمبلی کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکام ہے اور دوسری جانب اگر امریکہ اور یورپ کا کوئی مسئلہ ہو تو قراردادیں پاس ہونے سے پہلے ہی اقوام متحدہ ایکشن میں ہوتی ہے۔

اںھوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے پاکستان اور کشمیری بھائیوں کے رشتے اٹل اور ناقابل تسخیر ہیں۔ کشمیری آج بھی آزادی اور حق خودارادیت کے لے بھارتی ظلم وجبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی اور مظالم کے باجود کشمیری عوام کا جذبہ آزادی سرد ہونے کی بجائے اس میں مزید شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے۔ کشمیری عوام نے قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کی ہے جس کی اقوام عالم میں مثال نہیں ملتی۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور ایم کیو ایم اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی سے کیا جائے۔ قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ اںھوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر حکومت نے اپنے محدود وسائل کے باوجود تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔ حکومت کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے طور پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں اور دنیا بھر میں بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 306739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش