0
Monday 30 Sep 2013 20:26

حکومت شرپسندوں اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کرے، مفتی نعیم

حکومت شرپسندوں اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کرے، مفتی نعیم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے پشاور میں بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک و قوم تباہی کا شکار ہیں۔ ایک طرف دہشت گردی کا نہ روکنے والے سلسلہ ہے تو دوسری طرف ہم نے دین کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل سے دوری کے باعث پاکستانی قوم طرح طرح کے قدرتی آفات کا شکار ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی کے مذموم واقعات میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ حکمران اگر مغرب کی کاسہ لیسی، خوشنودی اور غیروں کی جنگ سے نکلنے کا اعلان کر دے تو آج ہی دہشت گردی ختم ہو جائیگی۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی نعیم نے کہا کہ کراچی سے لیکر خیبر تک اور گلگت سے لیکر چمن تک پورا ملک دہشت گردی کا شکار ہے تو کبھی قدرتی آفات قوم کا امتحان لیتی رہتی ہیں، یہ سب ہمارے برے اعمال اور گناہوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں سیکرٹریٹ ملازمین کی بس، چرچ اور اس سے قبل ملکی سلامتی پر مامور اداروں، ریاستی و عوامی املاک بشمول مساجد و مدارس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں پاکستان کے ازلی دشمنوں کے ایجنٹ ملوث ہیں جس کے ثبوت بھی موجود ہیں تو پھر قوم حکمرانوں سے پوچھنا چاہتی ہے کہ حکمران خاموش کیوں ہیں اور عالمی سطح پر ان مسائل کو اٹھایا کیوں نہیں جاتا۔
 
مفتی محمد نعیم نے کہا کہ حکمرانوں کی عادت رہی ہے کہ وہ مسائل کبھی حل نہیں کرتے بلکہ آئے روز نت نئے بیانات سے عوام کو الجھائے رکھتے ہیں جبکہ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تفتیش کیلئے کوئی راہ دکھائی نہیں دیتی، کبھی فرقہ واریت تو کبھی لسانیت اور کبھی طالبان کے نام پر قوم کو خوفزدہ کرتے رہتے ہیں۔ قوم پریشان ہے کہ آخر ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کون ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دور گزر چکا کہ جب کسی بھی واقعے کو فرقہ واریت، لسانیت کا نام دے دیا جاتا تھا، اب عوام سمجھ چکی ہے کہ یہ سب سیاستدانوں کے حیلے بہانے ہوتے ہیں۔ مفتی محمد نعیم نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ حکومت مصلحتوں کو چھوڑ کر لاء اینڈ انفورسمنٹ اداروں کو قانون شکن اور کسی بھی قسم کے منفی سرگرمیوں میں ملوث شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرے۔
خبر کا کوڈ : 307002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش