0
Sunday 6 Oct 2013 20:02

پاکستان میں امریکی سفارتخانہ بند کر دیا جائے امن ہو جائیگا، صاحبزادہ حامد رضا

پاکستان میں امریکی سفارتخانہ بند کر دیا جائے امن ہو جائیگا، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بعض مدارس اسلحہ کے ڈپو اور دہشت گردوں کی پناہ گاہ بن چکے ہیں، دہشت گردوں کو پناہ دینے والے مدارس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، ہم اپنے مدارس چھان بین کے لیے رضاکارانہ طور پر پیش کرتے ہیں،ریاست کے باغیوں سے مذاکرات کیے گئے تو نئے باغی پیدا ہوتے رہیں گے، ریاست کو ریاست کے باغیوں سے لڑنا ہو گا۔ پاکستان کا امن تباہ کرنے کے لیے امریکہ، بھارت اور اسرائیل نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے۔ بلیک واٹر کے بعد سی آئی اے نے کری ایٹو ایسوسی ایٹس انٹرنیشنل کے نام سے نئی جاسوسی تنظیم پاکستان میں داخل کر دی ہے، پاکستان کے دفاعی ادارے چوکس نہ ہوتے تو انڈین تھرڈ ایجنسی نے اقوام متحدہ کی فوج پاکستان میں اتارنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ را نے فاٹا میں دہشت گردوں سے مضبوط روابط قائم کر رکھے ہیں۔ سیلز ٹیکس کے نفاذ سے مہنگائی کا سونامی آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشت گرد عوام کو گولیاں مار رہے ہیں اور حکمران گولیاں دے رہے ہیں۔ عوام کو دہشت گرد بموں سے اور حکمران غموں سے مار رہے ہیں۔ پاکستان میں انصاف کی نجکاری ہو چکی ہے۔ بجلی کی طرح پٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ واپس لیا جائے۔ حکومت کی معاشی پالیسیاں عوام دشمن اور امیر دوست ہیں۔ نئے حکمران بھی پرانے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ حکمران عوام کو شودر سمجھنے کا رویہ چھوڑ دیں۔ مہنگائی کا نیا طوفان حکومت کی نالائقیوں اور غلطیوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں امریکی سفارتخانہ بند کر دیا جائے تو ملک میں امن ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 308742
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش