0
Thursday 10 Oct 2013 02:06

کراچی، دہشتگردوں کی فائرنگ، شیعہ ایس ایچ او عرفان حیدر نقوی ساتھی کے ہمراہ شہید

کراچی، دہشتگردوں کی فائرنگ، شیعہ ایس ایچ او عرفان حیدر نقوی ساتھی کے ہمراہ شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ایک طرف پولیس اور رینجرز کا ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے تو دوسری جانب دہشت گرد بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کے روز کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں واقع انڈہ موڑ کے قریب سر سید تھانے کی موبائل پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے ایس ایچ او سید عرفان حیدر نقوی اور سب انسپکٹر شہباز جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق سر سید تھانے کی حدود نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے قریب دہشت گردوں نے سرسید تھانے کی موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سرسید تھانے کے شیعہ ایس ایچ او سید عرفان حیدر نقوی اور سب انسپکٹر شہباز شدید زخمی ہوگئے جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ پولیس کے مطابق پولیس موبائل پر دو مسلح موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں اور مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے 45 سالہ ایس ایچ او سید عرفان حیدر نقوی اہل تشیع تھے اور انچولی سوسائٹی میں رہائش پزیر تھے۔ مقتول کی نماز جنازہ جمعرات کو بعد نماز ظہر مسجد و امام بارگاہ خیرالعمل، انچولی سوسائٹی میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین وادی حسین قبرستان میں کی جائے گی۔

ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کے مطابق نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے قریب سرسید ٹاﺅن تھانے کی حدود میں کھڑی موبائل پر نامعلم دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سرسید تھانہ سید عرفان حیدر نقوی اور ایس آئی شہباز شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح دہشت گردوں نے دونوں افسران کو نشانہ بنایا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا، جو زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سید عرفان حیدر نقوی ایس ایچ او سرسید تھانے میں تعینات تھے جبکہ مقتول ایس آئی شہباز نیو کراچی تھانے میں انویسٹی گیشن آفیسر تعینات تھے۔ دونوں پولیس افسران کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے نارتھ کراچی میں پولیس موبائل پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ پولیس افسران کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 309844
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش