0
Sunday 13 Oct 2013 00:59

نواز شریف کا بیان صحیح ہے کہ کراچی میں جج بھی فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں، رحمت خان وردگ

نواز شریف کا بیان صحیح ہے کہ کراچی میں جج بھی فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کا یہ بیان بالکل درست اور حقیقت کا عکاس ہے کہ کراچی میں جج بھی فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں لیکن یہ بات بھی حقیقت ہے کہ صدر، وزیراعظم موت کی سزائیں دینے سے بھی ڈر رہے ہیں اور گزشتہ حکومت کی طرح میاں صاحب نے بھی پھانسی کی سزاﺅں پر عملدرآمد روک رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرپرسن لیڈیز ونگ نسرین رﺅف سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ کراچی میں کسی بھی کیس میں گواہی دینے کی سزا موت ہے اس لئے ایسی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں جو مجرموں کا جیل کے اندر ٹرائل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگین مجرموں کے کیس میں تفتیشی افسر و گواہوں کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے تاکہ قانون کی مدد و عملدرآمد میں تعاون کرنے والوں کو جان سے ہاتھ نہ دھونے پڑیں اور اصل مجرموں کو سخت سزائیں ملنے سے جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہو۔ 
 
رحمت خان وردگ نے کہا کہ کراچی میں سینکڑوں تفتیشی افسران و اہلکاروں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا اور قانون کے محافظوں کے اہلخانہ بھی دہشت گردی کا نشانہ بنائے گئے، اس لئے پولیس افسران، اہلکاروں اور گواہوں کے تحفظ کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں جن جن پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف درخواستیں آئی ہیں ان سب کو فوری طور پر برطرف ہونا چاہئے تاکہ مجرموں کی سرپرستی کرنے والے اور جرائم میں ملوث اہلکاروں سے کراچی کو نجات مل سکے۔ رحمت خان وردگ کا کہنا تھا کہ پولیس میں سیاسی، راشی اور سفارشی بھرتیوں کے باعث عوام کا پولیس سے اعتماد ختم ہوا ہے، لہٰذا موثر اقدامات سے عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں حالات بہت زیادہ خراب ہیں اور ٹارگٹڈ آپریشن سے اس میں نمایاں بہتری آئی ہے مگر مسائل کے مستقل حل کیلئے ہر پہلو سے موثر قانون سازی اور دلیرانہ فیصلوں کی ضرورت ہے تاکہ کراچی جرائم پیشہ افراد کے چنگل سے آزاد ہو سکے۔ رحمت خان وردگ نے کہا کہ کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں اور جرائم پیشہ پولیس اہلکاروں و افسروں کی تطہیر کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 310698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش