0
Thursday 15 Jul 2010 19:50

ایس ایم کرشنا کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں

ایس ایم کرشنا کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق دورہ پاکستان کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے پاکستان کی قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت مذاکرات مثبت رہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،جس میں بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔اس موقع پر پاک بھارت تجارت اور ثقافت کے سیکریٹریوں کی ملاقاتیں بھی طے پائیں۔
آج نیوز کے مطابق بھارت نے پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کو خوش آئند قرار دے دیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملاقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی،جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ بھارت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا سے کشمیر اور پانی کے تنازعے سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔
مذاکرات کے حوالے سے بھارتی سیکریٹری خارجہ نروپما راؤ نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزارئے خارجہ کے درمیان یہ بات چیت مثبت رہی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک میں معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرنا چاہتا ہے۔
آج نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پانی کا مسئلہ گھمبیر ہوتا جا رہا ہے۔سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔اسلام آباد میں صدر زرداری نے بھارتی وزیر خارجہ سے بات چیت میں کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ پاکستان اور بھارت تعاون کا راستہ اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا عمل جاری رہنا ضروری ہے۔مذاکرات سے سیاچن،سرکریک،کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔صدر زرداری نے کہا کہ خطے میں ترقی کا انحصار دوستانہ تعلقات پر ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

صدر و وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم ہاﺅس میں ہونے والی اس ملاقات میں ایس ایم کرشنا نے پاکستانی وزیر خارجہ اور صدر زرداری سے ہونے والی ملاقاتوں اور بات چیت سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔کچھ ہی دیربعد دفتر خارجہ میں ایم کرشنا اور شاہ محمود قریشی کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے،جس میں آج ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 31158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش