0
Saturday 19 Oct 2013 19:00

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نورا کشتی کے کھیل سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، طارق محبوب

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نورا کشتی کے کھیل سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، طارق محبوب
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور مرکزی جے یو پی کے قائم مقام سیکریٹری جنرل طارق محبوب نے کہا ہے کہ عوام نے سنت ابراہیمی کے تقدس اور حرمت کو برقرار رکھتے کیلئے ایثار و قربانی کا مظاہرہ کیا۔ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی موجودگی کے باوجود جبری طور پر شہر کے مختلف علاقوں سے کھالیں خاموش دہشت گردی کے ذریعے وصول کی گئیں، حکومت و انتظامیہ کے دعووں اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  مرکز بیت المصطفیٰ میں شہر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے علماء و مشائخ، عمائدین، نوجوانان اسلام کے وفود سے عید قربان کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے رہنماء علامہ فیصل عزیزی، مفتی اقبال نقشبندی، مفتی ایاز قادری، مولانا سید بلال شاہ، ANIپاکستان کراچی سٹی کے آرگنائزر مسعود عالم اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
 
طارق محبوب نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید قربان کے مقدس موقع پر عوام کو اپنا مذہبی فریضہ یکسوئی اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ ادا کرنے کیلئے انتظامیہ نے کوئی کردار ادا نہیں کیا بلکہ خاموش تماشائی بن کر مجرمانہ کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن سیاسی مصلحتوں کی نذر ہو رہا ہے اور اس آپریشن سے خاطر خواہ مثبت اور تعمیری نتائج برآمد نہیں ہو رہے ہیں۔ طارق محبوب نے عید قربان سے ایک دن پہلے وفاقی وزیر داخلہ کا منافقانہ کردار سامنے آنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کراچی آپریشن کو ناکامی کی طرف دھکیلنا قومی المیہ ہوگا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نورا کشتی کا کھیل رہی ہیں جس سے عوام میں مایوسی پھیلتی جا رہی ہے۔ طارق محبوب کا مزید کہنا تھا کہ حکومتوں نے اقتداری مفادات میں عوام کو دہشت گردی، مہنگائی، بیروزگاری میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں بحالی امن اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے بلاامتیاز و تفریق ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائیں ورنہ کراچی عالمی سازشوں کا شکار ہو جائے گا۔

وفود نے طارق محبوب کو عیدالاضحی کی مبارک باد دی اور انھیں کراچی شہر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پولیس انتظامیہ شہریوں کو چرم قربانی شرعی و اسلامی تقاضوں سے ادا کرنے میں تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے، بالخصوص گلشن اقبال،گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، بفرزون، لانڈھی، کورنگی، ملیر، نیو کراچی اور دیگر علاقوں میں شہریوں کو چرم قربانی اپنی مرضی سے دینے میں مشکلات اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وفود نے کہا کہ کھالیں چھیننے کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی لیکن شرپسند اور دہشت گرد عناصر نے جتھوں اور ٹولیوں کی صورت میں محلوں اور گلیوں کا محاصرہ کرکے عوام سے زبردستی کھالیں وصول کیں، عوام نے جان کی امان کی خاطر پولیس انتظامیہ کی مدد حاصل نہیں کی کیونکہ انتظامیہ نے دہشت گردوں کو مکمل فری ہینڈ دے دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 312409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش