0
Monday 11 Nov 2013 10:15

امیر جماعت اسلامی کے بیان پر سیاسی رہنما پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگئے

امیر جماعت اسلامی کے بیان پر سیاسی رہنما پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ سیاسی رہنماوٴں نے جماعت اسلامی کے امیر سید کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ منور حسن کا بیان پاک فوج کے شہداء کے خاندانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے برابر ہے، ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ منور حسن نے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی توہین کی ہے، 18کروڑ عوام ہر مشکل وقت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ دوسری جانب رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم نے مسلح افواج کے ترجمان آئی ایس پی آر کے مذمتی بیان کی مکمل حمایت کی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس افتخار محمد چوہدری سے اپیل کی ہے کہ جماعت اسلامی پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ منور حسن ملک دشمن عناصر کی حمایت اور پاک فوج کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ منور حسن کے بیان کا از خود نوٹس لے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ منور حسن کا بیان معافی کے قابل نہیں، ان پر غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکریٹری امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ منور حسن نے شہداء کے خلاف بیان سے 18کروڑ عوام کی تذلیل کی، آئی ایس پی آر کے ردعمل کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان سنی تحریک کے بیان میں کہا گیا کہ جماعت اسلامی کے امیر کا بیان ملکی سلامتی کے خلاف ہے، شہریوں کو قتل کرنے والے کس طرح شہید کہلائے جا سکتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کا رد عمل تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف شہادت پانے والے قوم کے ہیرو ہیں، آئی ایس پی آر کا بیان پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ منور حسن نے شہداء کی توہین کرکے ملک اور قوم کی جگ ہنسائی کی۔ تحریک استقلال کے رہنما رحمت وردگ نے جماعت اسلامی کے رہنماوٴں سے سید منور حسن کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
خبر کا کوڈ : 319731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش