0
Thursday 14 Nov 2013 17:26

کوئٹہ، دہشتگردی سمیت دیگر واقعات سے نمنٹنے کیلئے نئی حکمت علمی ترتیب دی گئی ہے، کرنل مقبول شاہ

کوئٹہ، دہشتگردی سمیت دیگر واقعات سے نمنٹنے کیلئے نئی حکمت علمی ترتیب دی گئی ہے، کرنل مقبول شاہ

اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ شہر کے لئے سکیورٹی انچارج کرنل مقبول شاہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں دہشت گردی، اغواء برائے تاوان سمیت کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لئے شہر میں سکیورٹی کے لئے نئی حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ ماضی میں چیک پوسٹوں کی تعداد بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اب ان چیک پوسٹوں میں کمی لا کر موبائل چیک پوسٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کرنل مقبول شاہ نے کہا کہ ہزارہ ٹاؤن اور مری آباد بم دھماکوں کے بعد شہر میں ایف سی کی چیک پوسٹوں کی تعداد بڑھائی گئی تھی۔ چیکنگ کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا تھا اور اس سلسلے میں کافی شکایات بھی موصول ہو رہی تھی۔ تاہم ایف سی نے سکیورٹی پلان پر نظرثانی کرتے ہوئے مستقبل بنیادوں پر شہر میں سکیورٹی کی نئی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ چیک پوسٹوں میں کافی حد تک کمی کردی ہے۔ البتہ موبائل چیک پوسٹیں بنائی گئی ہیں جو کسی بھی وقت اور مقام پر ناکہ لگا کر چیکنگ کرے گی۔

کرنل مقبول شاہ کا مزید کہنا تھا کہ 33 پٹرولنگ ٹیمیں جن کی نگرانی لیفٹیننٹ کرنل رینک کا آفیسر کرے گا، اپنے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت کوئی بھی واردات کی صورت میں جب ہمیں اطلاع ملے گی تو شہر میں تعینات سکیورٹی اہلکار فوری طور پر اس علاقے کو گھیر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 فیصد فورس کو ہم نے ریزریو کے طور پر رکھا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ایف سی نے چمن اور بلیلی چیک پوسٹ پر 2 کامیاب آپریشن کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا۔ یہ اسلحہ محرم کے دوران دہشت گردی کے لئے استعمال میں لایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ لوگ بھی پکڑے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے بہت جلد ہم اصل لوگوں تک پہنچ جائیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کوئٹہ میں 25 سو ایف سی اہلکار تعینات ہوں گے۔ 2 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر اپنی خدمات انجام دے گی۔ شہر کے داخلی راستوں پر ایف سی تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ پہاڑوں میں بھی ایف سی، فوج اور لیویز اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ میدانی علاقوں میں بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار موجود ہوں گے۔ شہر میں 36 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ بلیلی چیک پوسٹ پر جلد ایک سکینر بھی قائم کر دیا جائے گا۔

خبر کا کوڈ : 320920
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش