0
Monday 18 Nov 2013 10:53

کشمیر حل کئے بناء امن کی باتیں دیوانے کا خواب، یاسین ملک

کشمیر حل کئے بناء امن کی باتیں دیوانے کا خواب، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کو حل کئے بناء برصغیر میں امن و استحکام، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی اور اس خطے میں تعمیر ترقی کی باتیں کرنا کسی دیوانے کا خواب ہی کہلائی جاسکتی ہیں، رفیع آباد میں جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ آج اس جلسے میں موجود ہماری یہ مائیں بہنیں بچے بزرگ اور جوان کسی لالچ، فریب یا مراعات کی غرض سے نہیں آئے ہیں کیونکہ آزادی کی تحریک چلانے والوں کے پاس ایسا کچھ نہیں ہے، یہ لوگ صرف اور صرف اُس تحریک آزادی کیلئے یہاں جمع ہیں جس کو محمد مقبول بٹ سے لیکر آج تک جابحق ہونے والے لاکھوں نوجوانوں نے اپنے لہو سے سینچا ہے، آج کشمیر کی پُرامن جدوجہد کو یک طرفہ سرکاری تشدد سے کچلا جارہا ہے اور دنیا اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جبکہ یہی دنیا افغانستان میں پر تشدد مزاحمت کاروں سے بات چیت کررہی ہے اور وہاں سے انخلاء کررہی ہے۔

یاسین ملک نے کہا کہ دنیا کا یہ رویہ دراصل تشدد کو چمک دمک عطا کرکے فروغ دینے کا باعث بن سکتا ہے جبکہ کشمیر میں پُرامن جوانوں پر تعذیب، ترہیب اور تشدد کے دروازے کھول کر انہیں پس دیوار کرنے اور تشدد کی جانب دھکیلنے کا باعث بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس خام خیالی میں مبتلا ہیں کہ جموں کشمیر کے مسئلے کو پس پشت ڈال کر برصغیر ہند و پاک میں امن و استحکام لایا جاسکتا ہے وہ اپنی خیالی دنیا سے باہر نکل آئیں، مسئلہ جموں کشمیر ایک ایسی حقیقت ہے جس سے صرف نظر کرنا کسی کے بس میں نہیں ہے، اس مسئلے کو حل کئے بناء امن و استحکام،تعمیر و ترقی اور اخوت و دوستی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت و پاکستان کشمیریوں کی مالکانہ اور فریقانہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے، کشمیریوں کی عملی شرکت کے ساتھ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی جانب توجہ مبذول کریں۔
خبر کا کوڈ : 322000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش