0
Saturday 23 Nov 2013 00:06

کراچی، شیعہ آبادی انچولی میں یکے بعد دیگر 2 بم دھماکے، 9 افراد جاں بحق 40 سے زائد زخمی

کراچی، شیعہ آبادی انچولی میں یکے بعد دیگر 2 بم دھماکے، 9 افراد جاں بحق 40 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کا علاقہ انچولی رات سوا گیارہ بجے کے قریب یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے گونج اٹھا۔ عینی شاہدین کے مطابق انچولی اسٹاپ پر چائے کے ہوٹل کے باہر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد افراتفری مچ گئی، اسی دوران دوسرا دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جس میں ایک نجی ٹی وی کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر سالک علی جعفری بھی شامل ہیں۔ دھماکوں میں زخمی ہونے والے 18 افرد کو عباسی شہید اسپتال جبکہ 20 زخمیوں کو نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 
ڈی آئی جی ایسٹ جاوید اوڈھو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں دھماکے موٹر سائیکل میں نصب ڈیوائس سے کیے گئے، جس میں 3 سے 4 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکے فون ڈیوائس کے ذریعے کئے گئے۔ دھماکوں سے قریبی دکانیں، متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں اور علاقے کی بجلی بند ہوگئی جس سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں، تاہم کے ای ایس سی کے عملے نے موقع پر پہنچ کر بجلی بحال کرا دی۔

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے انچولی میں دو دھماکوں میں 8 افراد جاں بحق اور 55 زخمی ہوگئے، وزیراعلٰی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انچولی کے علاقے میں پہلا دھماکہ بیکری شاپ کے سامنے ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ پکوان شاپ کے قریب ہوا۔ دونوں دھماکے موٹر سائیکل میں نصب ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے۔ دھماکے اس قدر زروردار تھے کہ ان کی آواز دور تک سنائی دی۔ دھماکوں کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دھماکوں کے فوری بعد ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جہاں سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ سی آئی ڈی پولیس شواہد اکٹھے کرنے جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ شاہراہ پاکستان پر ٹریفک کیلئے کے ایک ٹریک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ دھماکے سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سندھ کی گاڑی بھی تباہ ہوئی۔
 ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ممتازحسین، محمدعزیز، سالک جعفری اور ریاض الحق کی شناخت ہو گئی۔ سالک جعفری نجی ٹی وی کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر تھے۔ ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکوں میں 4 کلو گرام بارودی مواد کےساتھ بال بیرنگ بھی استعمال کئے گئے۔ نازک حالت کے پیش نظر زخمیوں کو آغا خان اسپتال اور نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ سے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
خبر کا کوڈ : 323694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش