0
Wednesday 4 Dec 2013 21:07
ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک تاحال اپنا کام کر رہا ہے

امریکی بالادستی تسلیم نہ کرنے پر جماعت اسلامی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیاقت بلوچ

8 دسمبرکو لاہور میں نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کیخلاف عوامی مارچ کریں گے
امریکی بالادستی تسلیم نہ کرنے پر جماعت اسلامی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی شکل میں امریکہ کا لاہور میں دہشت گردی کا جو نیٹ ورک بے نقاب ہوا تھا وہ اب بھی اپنا کام کر رہا ہے، اگر حکمرانوں میں امریکی ڈرون گرانے کی ہمت نہیں تو پھر ملکی آزادی کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کریں، جماعت اسلامی امریکی ڈرون حملوں، نیٹو سپلائی اور مہنگائی کے خلاف 8 دسمبر بروز اتوار دن گیارہ بجے ناصر باغ تا مسجد شہدا ء عوامی مارچ کا انعقاد کرے گی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کی تمام تنظیمیں قافلوں کی صورت میں ناصر باغ پہنچیں گی، مسجد شہداء مال روڈ پر مارچ کے اختتام پر بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں دوسری جماعتوں کے قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد، میڈیا کوآڈینیٹر ندیم سرور، فاروق چوہان و دیگر بھی موجود تھے۔ لیاقت بلو چ نے کہا کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات ٹھیک کرنے کے بجائے پاکستان کو زیر کر کے اپنے ایجنڈے کی تکمیل چاہتا ہے، نیٹو سپلائی بند کرنے پر قومی اتفاق رائے موجود ہے، بارہ سال سے پاکستان نے امریکی جنگ میں غلط پالیسی اختیار کر رکھی ہے، ملکی سلامتی کی حفاظت کیلئے جماعت اسلامی پرامن کوشش کرے گی۔ پنجاب یونیورسٹی کے معاملہ پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماضی میں بھی بہت سے ایسے لوگ آئے جنھوں نے جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت کا نام مٹانے کی کوشش کی مگر کوئی قوت جماعت اسلامی اور جمعیت کا نام نہیں مٹا سکی، یونیورسٹی معاملات کی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کروائی جائیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

ا یم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے جماعت اسلامی مخالف بیان پر لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ دراصل الطاف حسین خود عمران فاروق قتل کیس اور منی لانڈرنگ کے شکنجے میں آ چکے ہیں، ایم کیو ایم اندرونی خلفشار کا شکار بھی ہے، کراچی آپریشن کے دوران ہر ناجائز کام کے پیچھے ایم کیو ایم نظر آ رہی ہے، اگر جماعت اسلامی اور جمعیت کو ٹارگٹ کر کے الطاف حسین کا الو سیدھا ہوتا ہے تو کوشش کر لیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ الطاف حسین نے وفاقی اور سندھ کابینہ میں شامل ہونے کیلئے فوج، وفاقی اور سندھ حکومت کو دھمکی دی ہے، ورنہ ایم کیو ایم کے سرکردہ عہدیداران منصورہ آکر جماعت اسلامی کی حب الوطنی اور خدمات کا اعتراف کرچکے ہیں، آج الطاف حسین کس منہ سے جماعت اسلامی کی حب الوطنی کے خلاف بات کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اور لندن سے جماعت اسلامی کے خلاف جاری پروپیگنڈا کا اصل مقصد پاکستان میں امریکہ اور بھارت کے لیے راستہ ہموار کرنا ہے ، جماعت اسلامی امریکہ اور بھارت کی بالادستی قبول کرنے کو تیار نہیں ،نہ ہی کشمیرویوں کو جماعت تنہاچھوڑسکتی ہے،اس لیے جماعت اسلامی کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے جس میں مخالفین کامیاب نہیں ہو سکتے۔
خبر کا کوڈ : 327472
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش