0
Saturday 28 Dec 2013 02:33

کابل، غیر ملکی فوجی قافلے پر طالبان کا خودکش حملہ، 3 نیٹو اہلکار ہلاک، متعدد زخمی

کابل، غیر ملکی فوجی قافلے پر طالبان کا خودکش حملہ، 3 نیٹو اہلکار ہلاک، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیر ملکی فوج کے قافلے پر طالبان کے خودکش حملے میں 3 نیٹو فوجی ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق طالبان سے تعلق رکھنے والے ایک خودکش حملہ آور نے نیٹو قافلے سے بارود سے بھری کار ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ نیٹو کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ واقعہ جس سڑک پر پیش آیا، وہاں ایساف کے فوجی اڈے سمیت اہم سرکاری عمارتیں بھی موجود ہیں۔ واقعے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔ حملے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حملے کے بعد ایساف کی ایمبولینس اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے سے قریبی گاڑیوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں بڑی تعداد میں غیر ملکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، نیٹو اصل تعداد کو چھپا رہی ہے۔ ادھر افغان سکیورٹی فورسز کے خصوصی آپریشن میں 8 طالبان شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ چار کو گرفتار کرلیا گیا۔

افغانستان میں گذشتہ بارہ سالوں کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 2285ہوگئی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق سرکاری حکام نے بتایا کہ گذشتہ روز مشرقی صوبہ لغمان میں سکیورٹی اداروں نے ایک کارروائی کے دوران آٹھ طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ مارے جانے والے عسکریت پسندوں میں پانچ مقامی طالبان کمانڈر بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران چار طالبان کو گرفتار کرلیا گیا۔ طالبان کی جانب سے اس بیان پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دریں اثناء صوبہ قندھار کے ضلع اسپین بولدک میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک بچہ ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ایک دوسرے واقعے میں صوبہ ہلمند کے ضلع ناد علی میں موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نیٹو قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ترجمان نے کہا کہ طالبان کے حملے میں کئی غیر ملکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ 

واضح رہے کہ افغان صدر کے مشیروں اور بہت سے ممتاز افغانوں نے سکیورٹی کے بارے میں فکر مند ہوتے ہوئے حامد کرزئی پر زور دیا ہے کہ وہ معاہدے پر دستخط کر دیں، تاہم افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال اپریل میں صدارتی انتخاب کے شیڈول تک سکیورٹی معاہدے پر دستخط نہیں کرنا چاہتے۔ افغانستان میں گذشتہ بارہ برسوں کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 2285ہوگئی۔ امریکی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کئے جانیوالے اعداد و شمارکے مطابق اکتوبر2001ء کے بعد سے اب تک ملک میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 2285ہوگئی ہے۔ نیٹو میں شامل رکن ممالک کے ہلاک ہونے والے فوجی اس کے علاوہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 335005
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش