0
Friday 10 Jan 2014 14:21

چوہدری اسلم کےجاں بحق ہونے کے بعد کراچی میں کالعدم تنظیموں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم

چوہدری اسلم کےجاں بحق ہونے کے بعد کراچی میں کالعدم تنظیموں کیخلاف فوری کارروائی کا حکم
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے کراچی میں دہشت گردوں کی جانب سے انتہائی اہم پولیس افسر چوہدری اسلم کو دھماکے میں جاں بحق کرنے کے بعد شہر میں کالعدم تنظیموں کیخلاف بھرپور کارروائی کے لیے کوئیک ایکشن لینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جوائنٹ کوئیک آپریشنل فورس کرے گی، اس فورس میں سندھ پولیس، پاکستان رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل ہوں گے اور یہ کوئیک ایکشن ان علاقوں میں کیا جائے گا جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نشاندہی کی ہے کہ ان علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک موجود ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو کراچی میں آپریشن کے تیسرے مرحلے کے لیے بھی فوری طور پر 2 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ گرانٹ آئندہ چند روز میں سندھ حکومت کو جاری کردی جائے گی، وفاقی حکومت کے اہم ذمے دار نے ذرائع کو بتایا کہ چوہدری اسلم اور دیگر پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے تفصیلی معلومات حاصل کی ہیں۔

وفاقی حکومت اور اعلیٰ ترین قانون نافذ کرنے والوں اداروں میں مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں کالعدم تنظیموں کا نیٹ ورک توڑنے کے لیے سندھ حکومت کی مشاورت کے بعد کوئیک ایکشن لیا جائے۔ رپورٹس میں یہ بتایا گیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، سہراب گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں کالعدم تنظیمیں مختلف ناموں سے کام کررہی ہیں اور یہ تنظیمیں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور کالعدم تنظیموں کی جانب سے کئی مرتبہ پولیس اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، کوئیک ایکشن فورس کو جدید ترین اسلحہ، نائٹ وژن کیمرے، موبائل جیمرز، بکتر بند گاڑیاں اور بوقت ضرورت ہیلی کاپٹرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

انتہائی اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا جائے اور بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث 450 خطرناک دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، سندھ حکومت کی جانب سے مختلف جیلوں میں قید خطرناک ترین 51 قیدیوں کو دیگر صوبوں کی جیلوں میں منتقل کرنے کیلیے وفاقی حکومت سے جو رابطہ کیا گیا تھا وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کی اس درخواست کی بھی منظوری دیدی ہے اور وزارت داخلہ اس حوالے سے جلد پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں کو مراسلہ جاری کریگی کہ کراچی کی جیلوں میں قید ان قیدیوں کو دوسرے صوبوں کی جیلوں میں منتقل کرنے کیلیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرفتار 200 سے زائد سنگین جرائم میں ملوث گرفتار قیدیوں کے ٹرائل بھی دیگر صوبوں میں کیے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 339592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش