0
Friday 17 Jan 2014 21:46

پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات 27 جنوری کو ہوں گے

پاکستان اور  امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات 27 جنوری کو ہوں گے
اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نوازشریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جب کہ امریکی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ جان کیری کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان وزرائے خارجہ سطح کے اسٹریٹیجک مذاکرات گزشتہ سال اگست میں بحال ہوئے جب امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار ہیں جن میں باہمی مفاد پر مشتمل مختلف شعبوں میں تعاون شامل ہے۔

بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں پہلے سے وضع کردہ پانچ مختلف ورکنگ گروپوں کی سطح کے اجلاسوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جن میں دفاع، توانائی، اقتصادی ترقی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق شعبوں میں دوطرفہ تعاون شامل ہے۔ وزرات خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اسٹریٹیجک مذاکرات یہ موقع بھی فراہم کریں گے کہ پاکستان اپنی اقتصادی ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کی اپنی حکمت عملی پر بھی بات کرے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا تھا کہ واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں توقع ہے کہ علاقائی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بھی حالیہ برسوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا لیکن حکام کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے اکتوبر میں دورہ واشنگٹن نے دوطرفہ تعلقات کے لیے ایک نئی بنیاد فراہم کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 342184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش