0
Saturday 1 Feb 2014 10:42

مقبوضہ کشمیر، قاتل بھارتی فوجیوں کی رہائی کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے

مقبوضہ کشمیر، قاتل بھارتی فوجیوں کی رہائی کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی فوجیوں کو ملٹری عدالت کی طرف سے بری کیے جانے کیخلاف مکمل ہڑتال رہی اور قابض فوج کیخلاف نعرے بازی کی گئی، ہڑتال کی اپیل آزادی پسند گروپوں کی طرف سے کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 5بھارتی فوجیوں نے 14سال قبل 5کشمیری شہریوں کو قتل کر دیا تھا، اس کیس کا ملٹری عدالت نے پچھلے ہفتے فیصلہ سنایا جس میں پانچوں بھارتی فوجیوں کو بری کر دیا گیا۔ ملٹری عدالت کے اس فیصلے کے خلاف جمعے کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی، تجارتی مراکز اور اسکول بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر تھی، مظاہرین قابض فوج کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ سری نگر میں مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر پتھرائو بھی کیا، قابض فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور 12 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

اس موقع پر مقبوضہ وادی میں ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ جنوبی گائوں براری آنگن میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں قتل ہونیوالے 5 کشمیری شہریوں کی قبروں کے قریب بھی سیکڑوں کشمیریوں نے بھارتی فوج کیخلاف مظاہرہ کیا۔ بھارتی فورسز کے مطابق قتل ہونیوالے تمام افراد غیرملکی مجاہدین تھے۔ اے پی پی کے مطابق بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کارکنوں کو پتھری بل جعلی مقابلے کیخلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے سے روکنے کیلیے گرفتار کر لیا تھا جن میں شبیر احمد شاہ اور دیگر شامل ہیں۔ حریت رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
خبر کا کوڈ : 347208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش