0
Thursday 19 Aug 2010 12:30

او آئی سی کا ہنگامی اجلاس،سیلاب زدگان کی فوری مدد کا فیصلہ

او آئی سی کا ہنگامی اجلاس،سیلاب زدگان کی فوری مدد کا فیصلہ
 جدہ:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق اسلامی کانفرنس کے مستقل ارکان کا ایک ہنگامی اجلاس او آئی سی کے مرکزی دفتر میں سیکرٹری جنرل او آئی سی کمال الدین اوگلو کی اپیل پر منعقد ہوا۔یہ اجلاس پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کرنے اور مصیبت زدہ پاکستانی عوام کی مدد کیلئے کی جانے والی تدابیر پر غور کرنے کےلئے منعقد ہوا۔اجلاس میں سفیر پاکستان عمر خان شئرزئی نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے خادم الحرمین الشرفین شاہ عبداللہ کی جانب سے سعودی عوام سے مدد کی اپیل پر شاہ عبداللہ اور حکومت سعودی عرب کا وزیراعظم،صدر اور پاکستانی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ 
اس موقع پر ممبر ممالک نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن فوری امداد کا فیصلہ کیا،او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ممبر ممالک بھی سعودی عرب کی تقلید کرتے ہوئے،سرکاری طور پر فنڈز کی اپیل کریں اور ”ٹیلی تھون “ منعقد کریں۔اجلاس میں پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے مختلف پروگرامز ترتیب دئیے گئے۔وقت ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے بتایا انکا حکومت پاکستان سے مسلسل رابطہ ہے،آو آئی سی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے خصوصی اکاوئٹ کھول رہی ہے۔انہوں نے کہا مسئلہ یہ نہیں کہ پاکستان کی مدد کرنا ہے،بلکہ ہر ملک کو یہ سوچنا چاہئے کہ کل یہ وقت کسی پر بھی آسکتا ہے،اسلئے او آئی سی کے پاس اس سلسلے میں ایک مستقل فنڈ ہونا چاہئے۔
جنگ نیوز کے مطابق پاکستان میں سیلاب زدگان اور متاثرین کے حوالے سے جدہ میں اسلامی کانفرنس تنظیم کا ہونے والا ہنگامی اجلاس کسی امدادی اعلان کے بغیر اختتام پذیر ہو گیا،اجلاس میں پاکستان کے سفیر عمر خان علی شیرزئی سمیت ایران،افغانستان،بنگلہ دیش،شام،مصر،ترکی،مراکش،سنیگال،قطر،عمان،تاجکستان،تیونس،ملائیشیا،لبنان،لیبیا،کویت اور الجیریا کے مستقل نمائندوں نے شرکت کی۔سفیر پاکستان عمر خان علی شیرزئی نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر مشتمل رپورٹ پیش کی اور کہا کہ رکن ممالک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس وقت پاکستان میں امدادی کارروائی کو تیز کرنے کے لئے سی ون تھرٹی طیاروں کی اشد ضرورت ہے،جبکہ غذائی اشیاء کے علاوہ پینے کے لئے پانی،جان بچانے والی ادویات،ڈاکٹرز،نرسوں کی خدمات بھی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے امدادی فضائی پل بنانے اور ٹیلی تھون کی امدادی مہم پر خادم حرمین شریفین اور سعودی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ترکی کے سفیر نے کہا کہ ترک حکومت بہت جلد سعودی ٹیلی تھون کی طرح امدادی مہم کا آغاز کریگی۔سیکرٹری جنرل او آئی سی پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے کہا کہ پاکستان ایک بہت بڑے آزمائشی دور سے گزر رہا ہے،اسلامی ممالک اس کی امداد کیلئے ہر وقت تیار ہیں،انہوں نے اسلامی سالیڈیریٹی فنڈ کے قیام اور قابل عمل بنانے پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 34756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش