0
Friday 14 Feb 2014 19:11

طالبان صرف گمراہ ہی نہیں ملک دشمن بھی ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کا نہیں پاکستان کا مقدمہ لڑیں
طالبان صرف گمراہ ہی نہیں ملک دشمن بھی ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طالبان نے کراچی میں پولیس کی بس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرکے مذاکرات کا دروازہ بند کر دیا ہے، دہشتگردی کے تازہ واقعات کے بعد مذاکرات کا کوئی جواز نہیں رہا، ملک دھماکوں سے گونج رہا ہے اور حکمران دہشتگردوں سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہے ہیں، طالبان صرف گمراہ ہی نہیں ملک دشمن بھی ہیں، جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کا نہیں پاکستان کا مقدمہ لڑیں۔ آٹھ ممالک کی تیرہ خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں تخریب کاری کروا رہی ہیں۔ امریکہ اور بھارت طالبان کو مکتی باہنی کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔ مذاکرات کی ٹرین منزل پر نہیں پہنچے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے واپسی پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی کے در پے شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عالمی طاقتوں کا گندا کھیل جاری ہے۔ عوام کی حفاظت کرنے والے خود گاجر مولی کی طرح کٹ رہے ہیں۔ حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے اور معاملات حکومت کے ہاتھوں سے نکل رہے ہیں۔ حکمران عوام کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں۔ وفاقی شرعی عدالت طالبان کی قتل و غارت کا ازخود نوٹس لے اور ان پر شرعی مقدمات چلائے۔ طالبان شریعت کو بدنام کر رہے ہیں۔ ان کا طرزِعمل شریعت کے منافی ہے۔ مذاکرات کے دوران 16دھماکوں کا ہونا طالبان کی مذاکرات کے لیے غیرسنجیدگی ظاہر کرتا ہے۔ امریکہ بلوچ علیحدگی پسندوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے اور افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے بلوچستان کی بدامنی میں ملوث ہیں۔ حکومت ہر طرح کے دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے فیصلہ کن قدم اٹھائے۔ اب پانی سر سے گزرنے لگا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی نہ کی گئی تو ملک کسی بڑے سانحے سے دوچار ہوسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 351648
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش